کوروناوائرس، بھارت کے ہاکی کھلاڑیوں کی وقفے کے دوران گھر میں بنیادی تربیت پر توجہ

منگل 30 جون 2020 15:08

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر بھارتی ہاکی کھلاڑی کھیلوں کی سرگرمیوں کی معطلی کے وقفے کے باوجود اپنی فٹنس لیول کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے گھر پر کچھ بنیادی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں 19 جون سے ایک ماہ تک کے طویل وقفے میں کچھ دن اپنی فیملی کے ساتھ معیاری وقت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

ویمن گروپ قومی کوچنگ کیمپ کے لئے فروری سے بنگلورو میں سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے کیمپس میں تھا جبکہ مردوں کا گروپ مارچ کے پہلے ہفتے میں بنگلور پہنچا تھا۔آئندہ سال ٹوکیو اولمپکس گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو 19 جولائی کو دوبارہ واپس بلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

مردوں کی ٹیم کے فارورڈ رامیندر سنگھ نے کہا ہے کہ وہ گھر میں اپنی فٹنس کی تربیت دوبارہ شروع کرنے سے پہلے کچھ دن آرام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک طویل کیمپ کے بعد گھر واپس آکر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گھر میں آرام کرتے ہوئے اپنے کنبہ کے ساتھ معیاری وقت گزارا ہے۔ 27 سالہ رامیندر سنگھ نے کہا کہ ہمارے سائنسی مشیر رابن آرکل نے ہمیں کچھ ہدایات دی ہیں کہ ہمیں یہاں اپنی فٹنس کی تربیت کیسے کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے کچھ بنیادی مشقیں کرنا شروع کروں گا جس کے لئے اگلے ہفتے سے کم سے کم پش اپس اور دیگر ایکسرسائزز کی ضرورت ہوگی۔

مڈفیلڈر ویوک ساگر پرساد نے کہا کہ ٹیم کے سائنسی مشیر نے ایک تربیتی منصوبہ تجویز کیا ہے جس کے مطابق ہمیں کمر کے نچلے حصے اور ہیمسٹرنگ پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں بھی اپنی فٹنس پر فوکس کرنا جاری رکھنا ضروری ہے۔ رابن نے ایک ٹریننگ پلان تجویز کیا ہے جس میں ہماری کمر ، ہیمسٹرنگ اور ہمارے جسم کے تمام حصوں پر توجہ دی گئی ہے جو ہاکی کے لئے اہم ہیں۔

فٹنس شیڈول میں ہونے والی مشقوں کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ ہمارے جسم کے اہم حصے مضبوط اور صحتمند ہیں۔بھارتی خواتین کی فارورڈ نوجوت کور نے اظہار خیال کیا کہ گھر میں وقفے کے دوران تمام کھلاڑی طاقت کی تربیت اور ہاکی سے متعلق پٹھوں کی ورزش پر توجہ دیں گی۔25 سالہ نوجوت کور نے کہا کہ گھر میں اپنے قیام کے دوران ہم طاقت کی تربیت اور ہاکی سے متعلق پٹھوں کی ورزش پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے لاک ڈاؤن کے دوران اپنی فٹنس پر بہت سخت محنت کی اور ہم گھر پر بھی اس پر یقینی طور پر کام جاری رکھیں گی۔ ہم یقینی طور پر اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔ دفاعی کھلاڑی گروجیت کور نے مزید کہا کہ ٹیم کچھ مشقیں بھی کرے گی جو انہوں نے ایس اے آئی کیمپس میں لاک ڈاؤن کے دوران کی تھی۔گروجیت کور نے کہا کہ ہمیں پچھلے کچھ مہینوں میں اپنی کمر اور اپنی فٹنس برقرار رکھنے کی تربیت کا شیڈول انجام دینے کی عادت ہوگئی ہے۔

ہمیں گھر میں بھی یقینی طور پر اس کو برقرار رکھنا ہوگا۔ چونکہ میں ایک طویل عرصے کے بعد گھر واپس آئی ہوں اس لئے آرام کر رہی ہوں۔ چند دنوں کے آرام کے بعد میں اپنی فٹنس کی تربیت شروع کروں گی۔ ہمیں اس عرصے کے دوران اپنی طاقت کی تربیت پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 30/06/2020 - 15:08:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :