دورہ انگلینڈ میں ڈپریشن کے باعث کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں، انضمام الحق

چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے کرکٹرز کا ذہنی طور پر مضبوط ہونا بہت ضروری ہے، سابق چیف سلیکٹر گیند نہ چمکانے کی صورت میں مڈل آرڈر کو فائدہ ہوگا ، نئے بال کا سامنا کرنے والوں کو محتاط رہنا ہوگا، انٹرویو

جمعہ 3 جولائی 2020 11:39

دورہ انگلینڈ میں ڈپریشن کے باعث کھلاڑی آپس میں لڑ سکتے ہیں، انضمام الحق
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر اور سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں کھلاڑی گراؤنڈ سے ہوٹل اور ہوٹل سے گراؤنڈ تک ہی محدود رہنے کے باعث ڈپریشن کا شکار ہوسکتے ہیں اور آپس میں لڑائی کا بھی خدشہ ہے۔ایک انٹرویومیں پاکستان کے سابق لیجنڈ بیٹسمین نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کو گراؤنڈ پر تو اتنے سخت چیلنج کا سامنا نہیں ہوگا کیوں کہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھا کھیلا ہے تاہم گراؤنڈ سے باہر چیلنج کا سامنا ضرور رہے گا اور اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے کرکٹرز کا ذہنی طور پر مضبوط ہونا بہت ضروری ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ پہلی بار ہورہا ہے کہ پلیئرز بالکل بھی کہیں آنا جانا نہیں کرسکیں گے، تین مہینے محدود رہیں گے، جتنی بھی سہولیات ہوں ہر کسی کا دل چاہتا ہے کہ دو تین چار روز بعد کسی نہ کسی سے ملاقات کریں اور باہر جائیں۔

(جاری ہے)

120 ٹیسٹ اور 378ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے انضمام الحق نے کہا کہ باہر جانا، لوگوں سے ملنا پلیئرز کیلئے ضروری ہوتا ہے کیوں کہ اس بغیر کھلاڑی ریلیکس نہیں ہوپائیں گیاور دباؤ میں رہیں گے جس کی وجہ سے ڈر ہے کہ کہیں انہیں ڈپریشن نہ ہوجائے اور جب سب پلیئرز طویل عرصہ تک ایک جگہ ہی محدود رہیں گے تو خدشہ ہوگا کہ کہیں وہ آپس میں لڑ نہ پڑیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ اس صورت حال میں ٹیم مینجمنٹ کا ماحول اچھا رکھنا بہت ضروری ہے اور آپس کی ہم آہنگی کو یقینی بنانا بھی کافی ضروری ہوگا۔پاک انگلینڈ سیریز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بابر اعظم سیریز میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی کا کردار بھی اہم ہوگا تاہم بیٹسمینوں کو زیادہ اہم کردار ادا کرنا ہوگا ، ان پر زیادہ ذمہ داری ہوں گی کیوں کہ انگلینڈ کی کنڈیشن میں بولرز کو مدد ملتی ہے، وہاں جیتنے کے لیے ضروری ہے کہ بورڈ پر لمبا اسکور لگائیں، بابر اعظم کے علاوہ اظہر علی، عابد علی، امام الحق سب مل کر بڑا اسکور لگانے کی کوشش کریں تو جیت سکتے ہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ گیند نہ چمکانے کی صورت میں مڈل آرڈر کو فائدہ ہوگا ، نئے بال کا سامنا کرنے والوں کو محتاط رہنا ہوگا۔قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مشورہ دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 ہزار سے زائد رنز بنانے والے انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ میں بیٹسمینوں کیلئے ضروری ہے کہ شروع میں وکٹ پر تحمل کا مظاہرہ کریں، 6 ،7 اوورز وکٹ پر اسٹے کریں اور غیر ضروری شاٹس نہ کھیلیں اور ایڈجسٹ ہونے کے بعد بھی فوکس نہ لوز کریں کیوں کہ انگلینڈ جیسی کنڈیشنز میں گیند ہر وقت موو ہوتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی پلیئرز 2016ء سے ہر سال انگلینڈ کا دورہ کررہے ہیں، وہاں کاؤنٹیز بھی کھیلی، کلب اور لیگ بھی کھیلی اس لیے کنڈیشنز سمجھنے میں انہیں مسئلہ نہیں ہوگا، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم اس سیریز میں انگلینڈ کے خلاف اچھا پرفارم کرے گی۔
وقت اشاعت : 03/07/2020 - 11:39:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :