حکومت سنوکر فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرنے کے ساتھ انٹرنیشنل ایونٹس پر خرچ کئے اخراجات کے لئے سپیشل گرانٹ بھی مہیا کرے، منور حسن شیخ

جمعہ جولائی 12:23

حکومت سنوکر فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرنے کے ساتھ انٹرنیشنل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2020ء) پاکستان بلیرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے صدر منور حسن شیخ نے کہا ہے کہ حکومت سنوکر فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ میں اضافہ کرنے کے ساتھ انٹرنیشنل ایونٹس پر خرچ کئے اخراجات کے لئے سپیشل گرانٹ بھی مہیا کرے، گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ سے ملنے والی دو ملین کی سالانہ گرانٹ بہت کم ہے اس سے تو ایک ایونٹ بھی منعقد کروانا ناممکن ہے اور حکومت اس کم گرانٹ پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس میں اضافہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے ایشیائی اور عالمی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں اور حکومت نے ان کھلاڑیوں کی بھی ابھی تک کوئی حوصلہ افزائی نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے گذشتہ برس آٹھ سے نو بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹ میں شرکت کی لیکن اس کی بھی حکومت نے ابھی تک کوئی سپیشل گرانٹ ریلیز نہیں کی اور اس سلسلہ میں تمام ضروری کاغذات پاکستان سپورٹس بورڈ میں جمع کروا دیئے گئے تھے۔

منور حسن شیخ نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ملک میں سنوکر کلب کھولے تاکہ کھلاڑی اس میں ایس او پیز کے تحت پریکٹس کر سکیں۔ سنوکر کے دو ہی کھلاڑی ایک وقت میں کھیلتے ہیں اور کھیل کے دوران کھلاڑیوں کا درمیانی فاصلہ بھی چھ سے آٹھ فٹ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کرنی ہے اس لئے ان کی تربیت بہت ضروری ہے اور ہم حکومتی احتیاطی تدابیر پر بھی عمل کرنے کے لئے تیار ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 03/07/2020 - 12:23:59

Your Thoughts and Comments