کراٹے میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہوں ‘حمنہ اورنگزیب

سیلف ڈیفنس کیلئے لڑکیاں مارشل آرٹ ضرور سیکھیں،معاشی تحفظ کراٹے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے

جمعہ 3 جولائی 2020 15:24

کراٹے میں عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہوں ‘حمنہ اورنگزیب
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2020ء) کراٹے پلیئر حمنہ اورنگزیب نے کہا ہے کہ مارشل آرٹ کی دُنیا میںاپنے شاندار کھیل سے پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہوں،میرے والدین کی بھی خواہش ہے کہ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں اور اپنے شاندار کھیل سے میڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کروں۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کراٹے کی کھلاڑی حمنہ اورنگ زیب نے کہا کہ میں سخت محنت کر رہی ہوں اور وہ دن دور نہیں جب نیشنل کراٹے چمپئن بننے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی ملک کا نام روشن کروں گی۔

حمنہ اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے والدین سے مکمل سپورٹ مل رہی ہے جس کی وجہ سے میں پڑھائی کا ساتھ ساتھ کراٹے کے کھیل کو بھی وقت دیتی ہوں، میرے کوچ فیاض فیروز مجھے کراٹے کے کھیل میں آنے والی جدید تکنیکس اور قوانین بارے بھی آگاہ کرتے ہیں ان کی کوچنگ کی بدولت میر ے کھیل میں نکھار آ رہا ہے جبکہ سکلز ٹرینگ کے ساتھ ساتھ فزیکل فٹنس کیلئے میرے کوچ فاروق نذیر مجھے ہفتے میں تین دن سخت محنت کروا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

باصلاحیت کراٹے کھلاڑی حمنہ اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی کراٹے مقابلے ہونے چاہیے جس سے نوجوان نسل کے اندرکراٹے کے کھیل میںکے دلچسپی پیدا ہوگی،اس طرح کراٹے کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا، نوجوان نسل کوکراٹے کے کھیل کی جانب راغب کرنے کیلئے مختلف محکموں میں کنفرم نوکریاں دی جائیں،معاشی تحفظ اور جدید سہولتوں کی فرا ہمی کراٹے کے کھیل کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔

کراٹے کی کھلاڑی حمنہ اورنگ زیب کا کہنا تھاکہ سیلف ڈیفنس کیلئے لڑکیاں مارشل آرٹس ضرور سیکھیں، والدین اپنی لڑکیوں میں جرات اور حوصلہ پیدا کرنے جبکہ فزیکل فٹنس بہتر بنانے کیلئے انہیں مارشل آرٹ کی تربیت لازمی دلوائیں،مارشل آرٹ جسمانی و ذہنی مضبوطی حاصل کرنے کیلئے ایک بہترین نسخہ ہے والدین اگر اپنے بچوں کو معاشرے کا بہترین شہری بنانا چاہتے ہیں تو انہیں مارشل آرٹ کو اپنانا ہوگا جو سیلف ڈیفنس کے ساتھ خود اعتمادی اور دوسروں کی عزت کرنے کا ایک عملی نمونہ ہے۔
وقت اشاعت : 03/07/2020 - 15:24:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :