اسلام آباد کبڈی ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل، محمد کامران عادل چیئرمین، رائو محمد فیصل صدر اور حاجی محمد شریف جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے

ہفتہ 4 جولائی 2020 15:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) اسلام آباد کبڈی ایسوسی ایشن کے آئندہ چار سال 2020-2024 ء انتخابات مکمل ہوگئے، تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اسلام آباد کبڈی ایسوسی ایشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ چار سال کے لئے محمد کامران عادل کو چیئرمین جبکہ رائو محمد فیصل اور حاجی محمد شریف کو متفقہ طور پر بالترتیب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ہے دیگر عہدیداروں میں فرحت عباس کاظمی نائب صدر اور چوہدری محمد سلطان خزانچی شامل ہیں جبکہ ارسلان ببلو اور چوہدری شاہد اقبال مجلس عاملہ کے رکن ہونگے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام ہائوس نے عالمی کبڈی کپ کے پاکستان میں کامیاب انعقاد اور قومی ٹیم کی کامیابی پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی چوہدری شافع حسین کی قیادت میں ایسے انٹرنیشنل مقابلوں کا کامیاب انعقاد ہوگا۔ نو منتخب صدر رائو محمد فیصل نے ان کو متفقہ طور پر صدر منتخب کرنے پر تمام ہائوس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت کبڈی کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کئے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 04/07/2020 - 15:47:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :