انگلینڈ میں کرکٹ بچ گئی، پاکستان کا دورہ منسوخ ہوتے ہوتے رہ گیا

آل راؤنڈر سیم کیرن کی طبیعت ناساز ہونے اور کورونا علامات کے باعث کرکٹ پر چھائے سیاہ بادل چھٹ گئے،ٹیسٹ منفی آگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 جولائی 2020 16:52

انگلینڈ میں کرکٹ بچ گئی، پاکستان کا دورہ منسوخ ہوتے ہوتے رہ گیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4جولائی 2020ء ) انگلینڈ میں کرکٹ کی بحالی پر لٹکتی تلوار کا خطرہ ٹل گیا، انگلش آل راؤنڈر کی طبیعت ناساز ہونے اور کورونا علامات کے باعث کرکٹ پر چھائے سیاہ بادل چھٹ گئے۔ آل راؤنڈر سیم کرن کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے جس کے بعد انگلینڈ میں کرکٹ کی بحالی کو دھچکے لگنے کے خدشات دم توڑ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز سے 8 جولائی کو شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پریکٹس میچ کے دوران آل راؤنڈر کو الٹیاں ہوئیں اور طبیعت بگڑنے پر انہوں نے خود کو ہوٹل کے کمرے میں آئیسولیٹ کر دیا۔

اس دوران سیم کرن کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا جس کے نتیجے کا انگلش بورڈ سمیت پوری ٹیم کو انتظار تھا، کرکٹر کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے تاہم انہوں نے احتیاطی تدابیر کے تحت خودساختہ تنہائی اختیار کی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سیم کرن دو روز بعد ٹیم پریکٹس کو جوائن کریں گے جب کہ انگلش کرکٹرز کے اتوار کو کووڈ ٹیسٹ ہوں گے۔ واضح رہے کہ کورونا وبا کے دوران بغیر تماشائیوں اور تمام تر احتیاطی تدابیر کے تحت انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 8 جولائی سے ہوگا۔

ویسٹ انڈیز سے سیریز کے بعد پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز ہوگی جس کے لیے شاہین انگلینڈ پہنچ چکے ہیں اور سخت حفاظتی تدابیر کے تحت پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔اگر سیم کیرن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوجاتی تو عین ممکن تھا کہ برطانوی کرکٹ بورڈ کو ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے ساتھ سیریز کینسل کرنا پڑجاتی۔
وقت اشاعت : 04/07/2020 - 16:52:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :