کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں نقد انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا

سس آئندہ مقابلوں میں مزید کامیابیوں کیلئے کھلاڑی سخت محنت اور باقاعدگی کے ساتھ پریکٹس جاری رکھیں‘ ڈی آئی جی فیصل رانا

ہفتہ 4 جولائی 2020 17:43

کبڈی ورلڈ کپ 2020ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں نقد انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) پیٹرن پولیس کبڈی ٹیم ڈی آئی جی فیصل رانا نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت اور ویژن کے مطابق پولیس فورس میں موجود کھلاڑیوں کی بہترین سرپرستی کے ساتھ حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات جاری ہیں تاکہ یہ کھلاڑی ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں بہترین کارکردگی سے محکمے کی عزت و توقیر میں اضافہ کیلئے سرگرم رہیں۔

کبڈی ورلڈ کپ 2020کی پاکستانی ٹیم میں شامل پنجاب پولیس کے کھلاڑیوں کی شاندار پرفارمنس پوری فورس کیلئے باعث فخراور حوصلہ افزاء ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی اسی جوش و جذبے کے ساتھ مستقبل میں بھی کاوشیں جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پاکستان کبڈی ٹیم کے ہیڈ کوچ اے ایس آئی طاہر وحیدجٹ اورہونہار کھلاڑی کانسٹیبل کلیم اللہ جٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں کا تعلق پنجاب پولیس سے ہے اور انہوں نے بھارت کے خلاف کبڈی ورلڈ کپ 2020فائنل میچ کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی طرف سے پیٹرن پولیس کبڈی ٹیم ڈی آئی جی فیصل رانا نے دونوں کھلاڑیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے اور تعریفی اسناد دیں۔ ڈی آئی جی فیصل رانانے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ آئندہ مقابلوں کی تیاری کیلئے وہ بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھیں اور اپنی پوری توجہ بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے پر مرکوز رکھیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ دوران سروس کھیلوں میں کامیابیاں حاصل کرنے والے سپورٹس مین محکمہ پولیس کا قابل فخرسرمایہ ہیں جنہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کوبروئے کار لایا جائے گا۔ دوران ملاقا ت اے ایس آئی طاہر وحیدجٹ اور کانسٹیبل کلیم اللہ جٹ نے آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سخت محنت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔اس موقع پر اے آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 04/07/2020 - 17:43:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :