لمبے عرصے کے بعد کھلاڑی ٹریننگ کر رہے ہیں ، مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ،

کھلاڑی فٹ دکھائی دے رہے ہیں، مصباح الحق ابھی تو ٹریننگ کا آغاز کیا ہے، تین روز بھرپور ٹریننگ کی ہے، سمجھتا ہوں کہ آگے مزید بہتری آئے گی، ہیڈ کوچ کی گفتگو

ہفتہ 4 جولائی 2020 21:43

ووسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2020ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ لمبے عرصے کے بعد کھلاڑی ٹریننگ کر رہے ہیں اس کے باوجود مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا بلکہ کھلاڑی فٹ دکھائی دے رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے سب ایک لمبے عرصے کے لیے کرکٹ کے میدان سے دور رہے، اب سب کھلاڑی مل کر ٹریننگ کر رہے ہیں سب کو اچھا لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ٹریننگ میں ایک طویل گیپ آگیا ہے تو اس کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہو گا لیکن ایسا نہیں ہوا، فٹنس کے لحاظ سے دیکھا جائے تو کھلاڑی فٹ محسوس ہو رہے ہیں جبکہ بیٹنگ اور بولنگ میں بھی ہماری سوچ سے بہت بہتر ہیں۔

(جاری ہے)

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ابھی تو ٹریننگ کا آغاز کیا ہے، تین روز بھرپور ٹریننگ کی ہے، سمجھتا ہوں کہ آگے مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ووسٹر میں ٹریننگ کے لیے 2،2 سیشنز رکھے گئے ہیں جس کی وجہ سے تمام کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لیے بہت وقت مل رہا ہے جس سے انہیں فائدہ ہو رہا ہے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پہلے پریکٹس میچ میں بیٹسمینوں کو پیئر بنا کر کھیلنے کا پلان دیں گے اسی طرح بولروں کے بھی سیٹ بنائیں گے ایک ،ایک دن پورے 90 اورز کرے گا اور دوسرا سیٹ دوسرے روز 90 اوورز کرے گا اس سے کھلاڑیوں کو مکمل موقع ملے گا اور وہ ردہم میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پریکٹس میچز بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور اگلے میچز میں باقاعدہ الیون بنا کر میچز کھیلے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں 29 کھلاڑی شامل ہیں، سب اکٹھے ہو رہے ہیں، اسی لیے بڑے اسکوا ڈکا اعلان کیا گیا تھا کہ ایک تو کرکٹ نہیں ہو رہی، پریکٹس کا موقع نہیں مل رہا تو انگلینڈ میں انہیں ایک ساتھ رہنے کا موقع ملے گا، ایک ساتھ ٹریننگ کریں گے تو اس کا فائدہ ہو گا۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہر کرکٹر کے لیے ایک پلان ترتیب دیا ہوا ہے کہ کیسے آگے لے کر چلنا ہے ، اس کا فائدہ اس سیریز کے لیے ہی نہیں ہو گا بلکہ 2 ماہ اکٹھے رہنے سے مستقبل کی کرکٹ کے لیے بھی فائدہ ہو گا، پاکستان نے اگلے 5 سے 6 ماہ میں جو کرکٹ کھیلنی ہے اس کے لیے ایک اچھا یونٹ بن جائے گا۔
وقت اشاعت : 04/07/2020 - 21:43:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :