اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے، نسیم شاہ کے بیان پر محمد عباس کا دلچسپ جواب

یہ بال جب تنگ کرنے پر آئے تو بہت تنگ کرتی ہے: عباس

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 جولائی 2020 13:05

اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے، نسیم شاہ کے بیان پر محمد عباس کا دلچسپ جواب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7جولائی 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عباس نے نسیم شاہ کے بیان پر دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”اللہ کرے ڈیوک بال آپ کی مانتی رہے“۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ووسٹر میں پہلا دو روزہ انٹرا سکواڈ میچ کھیل رہی ہے اور آج میچ کا دوسرا روز ہے، ووسٹر میں پاکستان نے 4 روز ٹریننگ سیشنز کئے اور اس کے بعد اب پریکٹس میچ کھیلا جا رہا ہے۔

فاسٹ باﺅلرز محمد عباس اور نسیم شاہ نے انگلینڈ میں کنڈیشنز اور کووڈ 19 کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے آپس میں گفتگو کی جس دوران دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔ محمد عباس سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ 3 ماہ بعد پریکٹس میچ ملا ہے، بہت اچھا لگ رہا ہے، کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں، انگلینڈ میں موسم بھی اچھا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں ڈیوک بال استعمال ہورہی ہے جس سے سوئنگ بھی ملی، آہستہ آہستہ کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی پریکٹس ہو رہی ہے، کوکابورا اور ڈیوک بال میں فرق ہے، ڈیوک بال کو جو کہتے ہیں وہ مان لیتی ہے، یہ گیند دوستی رکھتی ہے جبکہ کوکابورا گیند جلد شائن نہیں ہوتی اور خراب جلد ہو جاتی ہے ، زیادہ سوئنگ اور سیم بھی نہیں ہوتی۔ نسیم شاہ کی باتیں سننے کے بعد محمد عباس نے کہا کہ اللہ کرے ڈیوک گیند آپ کی بات مانتی رہے ، اور آپ سے دوستی رکھے ، یہ بال جب تنگ کرنے پر آئے تو بہت تنگ کرتی ہے۔

نسیم شاہ نے کہا کہ پریکٹس میچ کے دوران سیکھنے کا موقع مل رہا ہے کہ کیسے نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہے، سوئیٹر، کیپ اور گلاسز امپائرز کو نہ پکڑانے کی پریکٹس کر رہے ہیں کیونکہ کووڈ 19 کی وجہ سے اب خود ہی باؤنڈر ی پر یہ سب رکھ کر آنا پڑتا ہے۔
وقت اشاعت : 07/07/2020 - 13:05:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :