پاکستان سکواش فیڈریشن کا ٹاپ 30 سینئر اور جونیئر قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ

بدھ 8 جولائی 2020 12:10

پاکستان سکواش فیڈریشن کا ٹاپ 30 سینئر اور جونیئر قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) پاکستان سکواش فیڈریشن نے ٹاپ 30 سینئر اور جونیئر قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے، قومی کھلاڑیوں کی تربیت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے، اجازت ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے تحت فزیکل فٹنس تربیت دی جائے گی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور سابق عالمی چیمپئن قمر مان نے بدھ کو اے پی پی کو بتایا کہ فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پروگرام مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹاپ 10 سینئر اور ٹاپ 20 جونیئر کھلاڑیوں کو اس پروگرام کے تحت تربیت کے لئے مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ایس او پیز کے تحت تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں گزشتہ چار ماہ سے بین الاقوامی سرگرمیاں معطل ہیں اور پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل سکواش فیڈریشن نے 6 ماہ تک تمام سکواش کی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔

قمر زمان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں تمام کھیلوں بالخصوص سکواش کھیل کو نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکواش ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی کو کم سے کم روزانہ 6 گھنٹے پریکٹس لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران کھلاڑی اپنا فٹنس لیول برقرار رکھنے کے لیے انفرادی طور پر پریکٹس حاصل کر رہے ہیں جبکہ اب فیڈریشن نے نامور اور باصلاحیت سینئر اور جونیئر ٹاپ 30 کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پروگرام دینے کا فیصلہ کیا ہے امید ہے حکومت کی جانب سے جلد اس پروگرام کی اجازت مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ملک میں سکواش کے فروع اور بہتری کیلئے کوشاں ہے اور فیڈریشن نے ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں جو سابق کھلاڑی ان اکیڈمیوں کو چلا رہے ہیں لیکن وہ اکیڈمیاں بھی کورونا وبا کی وجہ سے بند ہیں امید ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی یہ اکیڈمیاں دوبارہ فعال ہوں گی۔
وقت اشاعت : 08/07/2020 - 12:10:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :