آئی سی سی کا بڑھتے دبائو پر ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ

بدھ 8 جولائی 2020 17:06

آئی سی سی کا بڑھتے دبائو پر ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ
کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بڑھتے دباؤ پر ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کر لیا، پرسوں جمعہ کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا باضابطہ فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے، انٹرنیشنل ایونٹ کے التوا سے بھارت کی ڈومیسٹک انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا راستہ صاف ہو جائے گا۔ بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ اپنی لیگ کے حوالے سے مزید انتظار نہیں کرسکتے، ایونٹ کی تیاریاں شروع کر رہے ہیں، آسٹریلیا آئندہ برس اکتوبر میں ورلڈ کپ کا میلہ سجانے کا خواہاں ہے، ادھر بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) بھی بظاہر اگلے سال کے ایونٹ کی میزبانی سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں دکھائی دیتا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ رواں برس اکتوبر، نومبر میں شیڈول ٹونٹی 20 ورلڈ کپ کو باضابطہ طور پر ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جمعے کو آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں حتمی اعلان کردیا جائے گا۔اس کے ساتھ ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں برس انعقاد کیلئے بھارتی بورڈ کو وہ ونڈو مل جائے گی جس پر شروع سے ہی اس کی نظر تھی، اسی کی خاطر وہ آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ کے التوا کیلئے کوشش کر رہا ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ چونکہ بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال کافی تشویشناک ہے۔

اس لئے ایونٹ کو یو اے ای یا سری لنکا منتقل کیا جا سکتا ہے، بھارتی ٹیم ستمبر میں محدود اوورز کے میچز کی سیریز کیلئے آسٹریلیا کا رخ کرے گا۔ آئی سی سی کی جمعے کی میٹنگ میں ملتوی شدہ ٹورنامنٹ کو ری شیڈول کیے جانے کا امکان نہیں مگر کرکٹ آسٹریلیا کی خواہش ہے کہ اسے آئندہ برس اکتوبر میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ملنا چاہیے،2021ئ کا ایونٹ بھارت میں ہونا ہے اور بظاہر بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا میزبانی سے دستبردار ہونے کا کوئی ارادہ نہیں لگتا، اس صورت میں آسٹریلیا کو میگا ایونٹ کی میزبانی کے لئے 2022ئ تک کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

اگر آئی پی ایل رواں برس ہوئی اور آسٹریلوی ٹیم ستمبر میں انگلینڈ جاتی ہے تو پھرکھلاڑی وہاں سے ہی براہ راست بھارت، یواے ای یا سری لنکا آئی پی ایل میں شرکت کیلئے جا سکتے ہیں،اس صورت میں وہ ڈبل قرنطینہ سے بچ جائیں گے۔
وقت اشاعت : 08/07/2020 - 17:06:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :