یاسر شاہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں سنچری سکور کرنے کے خواہاں

نیٹ سیشن کے دوران اپنی بیٹنگ کی صلاحیت بہتر بنا رہاہوں، امید ہے بائولنگ کیساتھ بیٹنگ میں بھی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوںگا: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 جولائی 2020 17:11

یاسر شاہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں سنچری سکور کرنے کے خواہاں
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جولائی 2020ء ) قومی لیگ سپنر یاسر شاہ نے انگلینڈ کیخلاف سیریز میں سنچری بنانے کی خواہش ظاہر کردی جن کا کہنا ہے کہ وہ بالنگ کے ساتھ اپنی بیٹنگ پر بھی توجہ دے رہے ہیں ۔ دسمبر 2019ء میں آسٹریلیا کیخلاف 113 رنز کی بدولت 29 سال بعد ایڈیلیڈ اوول کے آنر بورڈ پر جگہ بنانے والے پاکستانی بلے باز بننے والے 34 سالہ یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ نیٹ سیشن کے دوران اپنی بیٹنگ کی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنا رہے ہیں کیونکہ وہ سیریز کے دوران سنچری سکور کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور قوی امید ہے کہ وہ بالنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی اپنی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوں گے ۔

اس سے قبل ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں موسم کی کنڈیشن سے پاکستان کو بہت مدد ملے گی، ہمارے کھلاڑیوں کو غیر تجربہ کار کہنا درست نہیں، ہمارے نوجوان بولرز کی کارکردگی شاندار رہی ہے، محمد عباس کو کاؤنٹی کرکٹ کا تجربہ ہے، شاہین شاہ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، نسیم شاہ بھی بہترین فارم میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی وکٹوں پر گیند سوئنگ ہونے کا فائدہ ملے گا، گگلی اور بریک میرے اہم ہتھیار ہوں گے، انجری کی وجہ سے میری کارکردگی متاثر ہوئی، واپس آنے کے لیے بہت محنت کی ہے، میرا اعتماد واپس آ گیا ہے، اپنی بولنگ سے بہت مطمئن ہوں۔ سپنر نے کہا کہ بولنگ کوچ مشتاق احمد پوری توجہ دے رہے ہیں، مشتاق احمد کے ٹیم میں آنے سے بہت فائدہ ہوا،اچھی پرفارمنس کے بعد توقعات بڑھ جاتی ہیں،توقعات پر پورا اترنےکی کوشش کروںگا،پاکستان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے،مضبوط بیٹنگ لائن سے اچھی توقعات ہیں،امید ہے کہ ہمارے بیٹسمین اچھا پرفارم کریں گے۔

یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ بیٹنگ لائن اچھا سکور کر لے تو بولرز پر دباؤ کم ہوجاتا ہے، فاسٹ اور سپنرز مل کر حریف ٹیم کو قابوکرنے کی کوشش کریں گے،پاکستان سے قبل ویسٹ انڈیز کے مقابلوں سے ہمیں فائدہ ہوگا،ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان میچز میں ہمیں وکٹوں کا علم ہو جائے گا۔ یاسر شاہ نے مداحوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں ہمیشہ پاکستان کو تماشائیوں کی سپورٹ حاصل رہی ہے،خالی گراؤنڈز میں اپنے مداحوں کی کمی محسوس ہوگی،کورونا کے مخصوص حالات کی وجہ سے ایس او پیز پر عمل پیرا ہیں،سماجی فاصلے سمیت تمام ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود کو مصروف رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خود پر ہونے والی تنقید کو ہمیشہ مثبت طور پر سمجھتا ہوں کیوںکہ تنقید سے خامیوں کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے، پی سی بی کی جانب سے تینوں فارمیٹ میں اچھی کارکردگی پر ہی سینٹرل کنٹریکٹ میں درجہ بندی ہوتی ہے۔
وقت اشاعت : 08/07/2020 - 17:11:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :