’’بلیک لائیوز میٹر‘‘، کرکٹرز نسل پرستی کے خلاف متحد ہوگئے

نسلی تفریق کے خلاف باقاعدہ تعلیم دینے کی ضرورت ہے : مائیکل ہولڈنگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 جولائی 2020 12:06

’’بلیک لائیوز میٹر‘‘، کرکٹرز نسل پرستی کے خلاف متحد ہوگئے
ساؤتھمپٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9جولائی 2020ء ) انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹرزز نسل پرستی کے خلاف متحد ہوگئے۔ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں پہلا ٹیسٹ گزشتہ روز شروع ہوا، ساؤتھمپٹن میں میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور امپائرز نے ایک گھٹنے کے بل بیٹھ کر نسل پرستی کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیا۔ شرٹس پر ’بلیک لائیوز میٹر‘ کے لوگو بھی لگے ہوئے ہیں، ویسٹ انڈین ڈریسنگ روم کے باہر اس حوالے سے بینر بھی نصب ہے، پلیئرز کا مقصد گزشتہ دنوں امریکا میں ایک سفید فام پولیس آفیسر کے ہاتھوں سیاہ فام شخص کی ہلاکت کے بعد چلنے والی عالمی تحریک کو سپورٹ کرنا ہے، جس میں انسانوں میں رنگ و نسل کی بنیاد پر امتیاز برتنے کی مذمت ہوئی ہے۔

مقابلے سے قبل انگلش قائم مقام کپتان بین اسٹوکس نے واضح کیا تھا کہ وہ تاریخی ٹیسٹ کے آغاز سے قبل نسل پرستی کے خلاف مضبوط پیغام دینا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم کے بارباڈوس سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے اپنے کالم میں لکھا کہ ڈریسنگ روم کو صرف ایک موقع کیلیے ہی نہیں بلکہ طویل مدت کیلیے اس پیغام کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹراورموجودہ کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے میچ سے قبل تاریخی حوالے دیتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے سیاہ فام افراد کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے، خصوصی تعلیم دینے کی ضرورت ہے تاکہ نسل پرستی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 12:06:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :