قومی ٹیم کی ایشین انڈر۔18 بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کی تیاریاں، حکومت کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اور سفری اخراجات میں مالی معاونت کرے،سید فخر علی شاہ

جمعرات 9 جولائی 2020 13:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی ایشین انڈر۔18 بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کی تیاریاں ابھی شروع کر دی گئی ہیں اور حکومت اس سلسلہ میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اور سفری اخراجات میں مالی معاونت کرے۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشین بیس بال فیڈریشن کے زیراہتمام ایشین انڈر۔

18 بیس بال چیمپئن شپ رواں برس دسمبر میں تائیوان میں کھیلی جائے گی اور چیمپئن شپ میں ایشیائی ممالک کی ٹاپ آٹھ رینکنگ کی ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں جاپان، کوریا، تائیوان، چین، پاکستان، ہانگ، فلپائن اورسری لنکا شامل ہیں۔ پاکستان ایشیائی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن پر ہے ، اس لئے چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت بہت ضروری ہے کیونکہ یہ چیمپئن شپ عالمی رینکنگ پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیس بال فیڈریشن نے چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث کھلاڑی گھروں میں انفرادی طور پر پریکٹس میں مصروف ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے اپیل کی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا ختم ہوتے ہی قومی بیس بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا ایشین بال چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلہ تربیتی کیمپ لگانے کے انتظامات کئے جائیں کیونکہ گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان بیس بال فیڈریشن کو کوئی گرانٹ نہیں دی گئی ہے اور حکومت کی جانب سے سولہ سپورٹس فیڈریشنز کو گذشتہ مالی سال کے دوران گرانٹ جاری کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی گرانٹ نہیں مانگ رہے ہم کہتے ہیں کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اور سفری اخراجات حکومت برداشت کرے اور جب بھی قومی بیس بال ٹیم پہلے بین الاقوامی ٹورنامنٹس کھیلنے گئی ہے تو وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کھلاڑیوں کو خود الوادع کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہیں اور اب بھی امید رکھتے ہیں۔

ایشین چیمپئن شپ کی تیاری تربیتی کیمپ اور کھلاڑیوں کی شرکت کے تمام اخراجات حکومت کرے گی۔ اس سوال کے جواب میں فخر علی شاہ نے کہا کہ ملک میں بیس بال کے کھیل کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیس بال فیڈریشن ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیل کی ترقی کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔

گراس روٹ سطح پر انڈر۔12 ٹیم بھی تیار کی جا رہی ہے اور یہ ٹیم بھی ایشین انڈر۔12 بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ چیمپئن شپ رواں برس نومبر میں تائیوان میں کھیلی جائے گی۔ واضع رہے کہ ایشین انڈر۔18 چیمپئن شپ رواں سال 6 سے 12 ستمبر تک تائیوان میں کھیلی جانی تھی، کورونا وائرس کے باعث اس کو ملتوی کیا گیا تھا اب یہ چیمپئن شپ دسمبر میں ہوگی جس کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 13:44:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :