جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم کوچ ہلٹن مورینگ نے معاہدہ میں تین سالہ توسیع پر دستخط کر دیئے

جمعرات 9 جولائی 2020 14:46

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2020ء) کرکٹ جنوبی افریقہ نے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی ہیڈ کوچ ہلٹن مورینگ کے ساتھ معاہدہ میں مزید تین سال کی توسیع کر دی ہے اور یوں وہ 2023ء تک جنوبی افریکن خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ کوچنگ ہیڈ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ہلٹن مورینگ 2012ء سے جنوبی افریکن خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں اور انہوں نے اپنے معاہدے کے دوران ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں پیشرفت میں مدد فراہم کی ہے۔

ہلٹن مورینگ کی موجودگی میں جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے 2014ء اور 2020ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اس کے علاوہ 2017ء میں ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی جہاں اس کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ویمن چیمپین شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اگلے ورلڈ کپ کے لئے بھی براہ راست کوالیفائی کرلیا ہے ۔

جنوبی افریکن خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہلٹن مورینگ نے کوچنگ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ جنوبی افریقہ کی جانب سے خواتین ٹیم کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کا موقع فراہم کرنے پر میں بہت خوش ہوں اور یہ میرے لئے ایک دلچسپ موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ جنوبی افریقہ نے جو میرے اوپر اعتماد کیا ہے میں اس پر کرکٹ جنوبی افریقہ کا بہت شکر گزار ہوں۔

کرکٹ جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ ہلٹن مورینگ خواتین کرکٹرز کی باصلاحیت گروپ کو اپنے سفر کے اگلے مرحلے تک لے جانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ہلٹن مورینگ نے کہا کہ جب میں نے جنوبی افریکن خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی پہلی بار شروعات کی تو ہمارے پاس بہت باصلاحیت نوجوان کھلاڑی موجود تھیں، اب ان کی پختگی ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں نے یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ دنیا کے کسی بھی بہترین ٹیم سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اگلے مرحلے میں اپنی ٹیم کی کارکردگی میں مزید نکھار لاسکوں، انہوں نے کہا کہ میرا مقصد جنوبی افریقہ کے لئے سلور ویئر جیتنے کے ساتھ ٹیم کو عالمی رینکنگ میں بھی اوپر لے کر آنا ہے۔ واضح رہے کہ ہلٹن مورینگ نے 2001ء سے 2007ء تک اپنے کھیل کے کیریئر کے دوران چھ فرسٹ کلاس گیمز اور فری سٹیٹ کے لئے تین لسٹ اے مقابلوں میں حصہ لیا تھا ۔ 2012ء میں جنوبی افریکن خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی تقرری سے قبل مورینگ نے کرکٹ جنوبی افریقہ سے لیول III کی سند حاصل کی تھی۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 14:46:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :