پاکستان کو بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی مل گئی

ایشیا کپ 2022 کا انعقاد پاکستان میں کیا جائے گا، جبکہ 2021 کا ایڈیشن سری لنکا میں ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعرات 9 جولائی 2020 23:10

پاکستان کو بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی مل گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2020ء) پاکستان کو بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی مل گئی، ایشیا کپ 2022 کا انعقاد پاکستان میں کیا جائے گا، جبکہ 2021 کا ایڈیشن سری لنکا میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ایک طویل عرصے بعد کسی بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی مل گئی ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو 2022 ایشیا کپ کی میزبانی سونپ دی ہے۔

اس بات کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اراکین کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ پاکستان کو رواں برس کے ایشیا کپ کی میزبانی کرنی تھی، تاہم اب 2022 کا ایشیا کپ پاکستان میں ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے رواں سال ہونے والے ایشیا کپ کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا ہے اور اب ایونٹ کا انعقاد 2021 میں کیا جائے گا۔ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ نے ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ پر کووڈ-19 کی وبا کے اثرات کو جانچنے کے لیے متعدد مواقع پر ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ آغاز سے ہی بورڈ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے کوشاں تھا البتہ سفری پابندیوں، ملک میں قرنطینہ کی مختلف پابندیوں، صحت کو درپیش خطرات اور سماجی فاصلوں کو ضروری قرار دیے جانے کے باعث ایونٹ کا انعقاد چیلنج بن گیا۔ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ان سب چیزوں سے بڑھ کر کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف، کمرشل پارٹنرز، شائقین اور کرکٹ برادری کی صحت اور حفاظت سب سے اہم اور اولین ترجیح تھی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ کے مطابق اوپر درج تمام معاملات کا محتاط طریقے سے جائزہ لینے کے بعد ایشیا کپ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمے دارانہ انداز میں ٹورنامنٹ کا انعقاد ایشین کرکٹ کونسل کی اولین ترجیح ہے اور بورڈ اس کے 2021 میں انعقاد کے لیے پراٴْمید ہے اور جون 2021 میں ایونٹ کے انعقاد کے لیے کام کر رہا ہے۔ 2021 کا ایڈیشن سری لنکا میں منعقد کروایا جائے گا۔
وقت اشاعت : 09/07/2020 - 23:10:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :