انگلش کرکٹر کرس ووکس کا ناصر جمشید کی اہلیہ کو خصوصی انداز میں خراج تحسین

انگلش آل راونڈر نے کرونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑنے والی پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر ثمرہ افضل کے نام والی شرٹ پہن کر انہیں خراج تحسین پیش کیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جولائی 2020 00:10

انگلش کرکٹر کرس ووکس کا ناصر جمشید کی اہلیہ کو خصوصی انداز میں خراج تحسین
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2020ء) انگلش کرکٹر کرس ووکس کا ناصر جمشید کی اہلیہ کو خصوصی انداز میں خراج تحسین، انگلش آل راونڈر نے کرونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر جنگ لڑنے والی پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر ثمرہ افضل کے نام والی شرٹ پہن کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کی خدمات کے اعتراف میں مہم شروع کی گئی ہے۔

 یہ مہم ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز سے قبل شروع کی گئی ہے، جس میں پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کی اہلیہ ڈاکٹر ثمرہ افضل کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ اس مہم کے دوران انگلش ٹیم کے کھلاڑی طبی عملے کے ناموں والی شرٹس ٹریننگ کے دوران پہن کر ان کی خدمات کا اعتراف کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی سلسلے میں انگلینڈ کے کرکٹر کرس ووکس نے پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر ثمرہ افضل کے نام والی شرٹ پہن کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔



کرس ووکس کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ڈاکٹر ثمرہ افضل نے ایک ٹوئٹ میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر ثمرہ کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کی خدمات کو سراہا جانا میرے لیے اعزاز اور خوشی کی بات ہے۔ اور سب سے خاص بات یہ ہے کہ میرے فیورٹ کرکٹر نے میرے نام والی شرٹ پہنی۔ ڈاکٹر ثمرہ کے ٹوئٹ کے بعد انگلش کرکٹر نے بھی ٹوئٹر پر ہی جواب دیا۔

کرس ووکس نے ٹوئٹر پر انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں، ان کیلئے یہ ایک معمولی سا اقدام ہے۔ کرس ووکس نے ڈاکٹرز ثمرہ کو مخاطب کر کے کہا کہ مشکل وقت میں سخت محنت جاری رکھنے پر آپ کا شکریہ۔ یہاں یہ واضح رہے کہ برطانیہ میں اپنی خدمات کے باعث پذیرائی حاصل کرنے والی ڈاکٹر ثمرہ پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کی اہلیہ ہیں۔ ڈاکٹر ثمرہ افضل ایک ڈاکٹرز ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے شعبے سے بھی وابستہ ہیں۔
وقت اشاعت : 10/07/2020 - 00:10:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :