ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کلب سسٹم کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے، مرتضیٰ حسن بنگش

جمعہ 10 جولائی 2020 12:20

ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کلب سسٹم کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے، مرتضیٰ حسن بنگش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل مرتضی حسن بنگش نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے کلب سسٹم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے کلب سسٹم کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ضلعی سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن ملک میں گراس روٹ سطح ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن نے گذشتہ ماہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے باعث ملک میں آن لائن پومزے چیمپئن شپ کا بھی کامیاب انعقاد کیا جس کا سارا کریڈٹ پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) وسیم احمد جنجوعہ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے جن کی دن رات کی کوششوں اور کاوشوں سے ایونٹ کو چار چاند لگے۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے بھر چڑھ کر حصہ لیا، اسی ایونٹ میں پنجاب تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو 48 ہزار روپے، سندھ تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو 46 ہزار روپے، خیبر پختونخوا تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو 41 ہزار روپے، اسلام آباد تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو 22 ہزار روپے اور بلوچستان تائیکوانڈو ایسوسی ایشن کو 11 ہزار روپے دیئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی طرف سے بھی گراس روٹ سطح پرکھیلوں کے سسٹم کو پرموٹ کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ سے ملنے والی سالانہ گرانٹ پر مرتضیٰ حسن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ دینا خوش آئند بات ہے لیکن دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور تائیکوانڈو کے کھیل میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کو بھی ایک ملین کی سالانہ گرانٹ دی گئی ہے جو بہت کم ہے اس سے تو ایک لوکل سطح کی چیمپئن شپ بھی نہیں ہو سکتی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو کارکردگی کی بنیاد پر گرانٹ دینی چاہئے تھی۔
وقت اشاعت : 10/07/2020 - 12:20:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :