پی ایس ایل 2020 کی ٹکٹوں کی ری فنڈ کی واپسی کا پہلا مرحلہ (آج) سے شروع ہوگا

اتوار 12 جولائی 2020 21:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2020ء) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹکٹوں کی ری فنڈ کی واپسی کا پہلا مرحلہ (آج) سے شروع ہوگا، اس سلسلہ میں پاکستان کرکٹ بورڈنے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 ئ کے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں،ان میچز کا شیڈول بارش کی نذر، بند دروازوں میں کھیلے گئے یا پھر کوویڈ19 کے باعث تبدیل کردیا گیا تھا، دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل (آج) پیر سے شروع ہوگا،پہلا مرحلہ 13 جولائی سے 5 اگست تک جاری رہے گا، جس میں کوویڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی،ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا، جہاں لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی، چھ ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کے لیے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے، ٹکٹوں کی واپسی کا یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا،ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں، صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کے لیے ایونٹ کے لئے خریدی گئی اپنی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہوگی، اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کے لیے چہرے کا ماسک پہننا اورسماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

وقت اشاعت : 12/07/2020 - 21:25:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :