کورونا میں مبتلا سابق بھارتی فٹ بالر بے یار و مددگار

روم اولمپکس 1960ء کھیلنے والے 81 سالہ سید شاہد حکیم کوعلاج کیلئے کسی سرکاری ہسپتال میں جگہ نہ مل سکی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 جولائی 2020 14:00

کورونا میں مبتلا سابق بھارتی فٹ بالر بے یار و مددگار
حیدرآباد دکن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2020ء )  کورونا میں مبتلا 1960ء کے روم اولمپکس میں بھارت کی فٹ بال ٹیم میں شامل 81 سالہ سید شاہد حکیم کوعلاج کیلئے کسی ہسپتال میں جگہ نہ مل سکی۔ انہیں حیدر آباد دکن کے ایک ہوٹل میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ سرکاری ہسپتال گئے لیکن وہاں سہولتیں دستیاب نہیں تھیں ۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ انہیں کہیں سے مدد نہیں ملی ۔

اخراجات امریکا میں مقیم بہن برداشت کر رہی ہیں ۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور تشویش ناک بات اس وقت سامنے آئی جب 3 دن میں ایک لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ بھارت بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جہاں کے شہروں میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دنیا بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

بھارتی حکام کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران 30 ہزار نئے کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔ فراہم کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ان تین ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، اور اس نے برازیل اور امریکا کو پیچھے چھوڑ دیا۔خیال رہے کہ کورونا وائرس سے بھارت میں 24 ہزار افراد جبکہ دنیا بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ماہرین وبائیات نے بھی خبردار کیا تھا کہ بھارت میں کورونا کا عروج آئندہ ہفتوں یا مہینوں میں سامنے آسکتا ہے جس کی وجہ سے ملک کا نظامِ صحت جو پہلے ہی کافی بوجھ برداشت کررہا ہے مزید دباؤ میں آجائے گا۔
وقت اشاعت : 17/07/2020 - 14:00:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :