جوفرا آرچر کی غلطی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ خطرے میں پڑ سکتا تھا: ایشلے جائلز

شاید انکو اندازہ ہی نہیں تھا کہ کتنی بڑی غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں، انکی غلطی سے کروڑوں پاؤنڈز کا نقصان ہو سکتا تھا: ڈائریکٹر انگلش کرکٹ بورڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 جولائی 2020 14:16

جوفرا آرچر کی غلطی کی وجہ سے پاکستان کا دورہ خطرے میں پڑ سکتا تھا: ایشلے جائلز
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جولائی 2020ء ) انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز کا کہنا ہے کہ جوفرا آرچر کی غلطی تباہ کن ثابت ہوسکتی تھی۔ بائیو سیکورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی گاڑی میں سفر کرتے ہوئے ایک گھنٹے کے قریب وقت گھر میں گزارنے والے انگلش پیسر جوفرا آرچر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انگلش کرکٹ بورڈ کے 47 سالہ ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے کہا کہ شاید ان کو اندازہ ہی نہیں تھا کہ کتنی بڑی غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ان کی غلطی سے پاکستان کا دورہ متاثر اور کروڑوں پاؤنڈز کا نقصان ہو سکتا تھا۔

ایشلے جائلز نے کہا کہ ہماری طرف سے ان کو واضح کر دیا گیا تھا کہ حفاظتی تدابیر کے حوالے سے ان سے کیا توقع کی جارہی ہے مگر ہو سکتا ہے کہ وہ ہماری بات پوری طرح سمجھنے میں ناکام رہے ہوں، ہر غلطی کا کوئی نہ کوئی خمیازہ ہوتا ہے، جوفرا آرچر کیخلاف بھی ڈسپلنری کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بائیو سیکیور رولز کی خلاف ورزی پر انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے بنائے بائیو سیکیور رولز کی خلاف ورزی پر سب سے معذرت کی ۔اپنے بیان میں پیسر کا کہنا ہے کہ ان کی غلطی کی وجہ سے وہ خود، سب کھلاڑی اور سپورٹنگ سٹاف مشکل میں پڑے ہیں۔جوفرا آرچر نے کہا کہ اپنی حرکت کو تسلیم کرتے ہوئے اس کے نقصانات کو قبول کرتا ہوں اور ان سب لوگوں سے معافی مانگتا ہوں جن کو یہ جان کر برا لگا۔ٹیسٹ میچ کھیلنے سے محروم ہوجانے کا بہت دکھ ہے، اس فعل سے دونوں ٹیموں کے لیے رسک پیدا ہونے پر شرمندہ ہوں اور دوبارہ ایسا نہ کرنے کا سب کو یقین دلاتا ہوں۔
وقت اشاعت : 17/07/2020 - 14:16:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :