ریال میڈرڈ کا لالیگا چمپئن بنناچمپیئنز لیگ کی فتوحات سے بڑی خوشی ہے، زیڈان

اگر اسکواڈ میں شامل تمام لوگوں کی کوششیں شامل نہ ہوتیں تو ریال میڈرڈ کیلئے یہ کامیابی ممکن نہیں تھی، گفتگو

ہفتہ 18 جولائی 2020 17:21

ریال میڈرڈ کا لالیگا چمپئن بنناچمپیئنز لیگ کی فتوحات سے بڑی خوشی ہے، زیڈان
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2020ء) اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیڈان نے کہا ہے کہ ٹیم کا لالیگا چمپئن بننا میرے لیے چمپیئنز لیگ میں مسلسل تین فتوحات سے بڑی خوشی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ریال میڈرڈ نے گزشتہ روز اسپین کے کلب ولارئیل کو 1-2 سے شکست دے کر اسپینش لیگ لالیگا چمپئن بننے کااعزاز حاصل کیا تھا۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے سابق چمپئن کھلاڑی زیڈان کا کہنا تھا کہ 'چمپیئنز لیگ تو چمپیئنز لیگ ہے لیکن اس لیگ نے مجھے بہت زیادہ خوش کردیا ہے کیونکہ لالیگا شان دار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دیگر ٹیموں سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور ہم نے ایسا کردکھایا ہے۔زیڈان نے کہا کہ میرے پروفیشنل تجربے میں آج کا دن بہترین دنوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ لیگ ٹائٹل ہے اور پابندیوں کے بعد یہ کامیابی غیرمعمولی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر اسکواڈ میں شامل تمام لوگوں کی کوششیں شامل نہ ہوتیں تو ریال میڈرڈ کے لیے یہ کامیابی ممکن نہیں تھی جن میں وہ کھلاڑی بھی شامل ہیں جنہوں نے میچ نہیں کھیلا تاہم وہ بدستور ساتھ رہے۔زیڈان نے کہا کہ مجھے اپنا کردار ادا کرنا ہوتا ہے، مجھے کھلاڑیوں پر بھروسہ ہے اور میں ان سے خوش ہوں کیونکہ وہ فٹ بالرز سے پہلے انسان ہیں اور وہ اچھے لوگ ہیں۔
وقت اشاعت : 18/07/2020 - 17:21:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :