خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد انٹر ڈویژنل والی بال چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کرے گی، خالد وقار

پیر 27 جولائی 2020 14:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2020ء) خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد انٹر ڈویژنل والی بال چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کرے گی، گذشتہ روز خیبرپختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل و قومی ٹیم کے کوچ خالد وقار نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں والی بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی ضرور ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے باعث انٹر ڈویژنل والی بال چیمپئن شپ کا انعقاد نہ ہو سکا اور خیبر پختونخوا والی بال ایسوسی ایشن کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے کے بعد انٹر ڈویژنل والی بال چیمپئن شپ کے انعقاد کا جلد اعلان کرے گی۔ چیمپئن شپ میں صوبے بھر سے سات ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پشاور، مردان، ہزارہ، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دیگر کھیلوں کی طرح والی بال کے کھیل کیلئے بھی فنڈز مہیا کرتی ہے جو ناکافی ہوتے ہیں۔ صوبے میں والی بال ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں خالد وقار نے کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ صوبے کے کھلاڑی کئی اداروں کی طرف سے کھیل رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں
وقت اشاعت : 27/07/2020 - 14:18:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :