نسیم شاہ کی بائولنگ پر 2 قومی بلے باز زخمی

پیسر نے فواد عالم کے ہیلمٹ پر بائونسر مارا، امام الحق کا ہاتھ زخمی کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 جولائی 2020 12:26

نسیم شاہ کی بائولنگ پر 2 قومی بلے باز زخمی
ڈربی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے پریکٹس میچز میں 3 کھلاڑیوں کو زخمی کرکے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کہ اگر انہیں بچہ سمجھا گیا تو واقعی بہت بڑی غلطی ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کیلئے برطانوی سرزمین پر موجود قومی ٹیم کے درمیان کھیلے گئے 4 روزہ انٹراسکواڈ میچ میں قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ نے اپنی دھواں دار باﺅلنگ سے قومی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں کو زخمی کر کے انگلش ٹیم کو خبردار کر دیا ہے۔

ڈربی میں جاری پریکٹس میچ میں گزشتہ روز نسیم شاہ نے اوپنر امام الحق کو زخمی کیا جس کے نتیجے میں وہ ہسپتال پہنچ گئے تاہم ڈاکٹرز کے مطابق انکی انجری خطرناک نوعیت کی نہیں ہے اور وہ آرام کے بعد کل بیٹنگ کیلئے میدان میں اترسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے وہ اوپنر عابد علی بھی فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے ہیں جبکہ تجربہ کار بلے باز فواد عالم بھی نسیم شاہ کی طوفانی گیندوں کا سامنا نہیں کرسکے اور زخمی ہو گئے تاہم وہ جلد ہی سنبھلنے میں کامیاب رہے اور بعد ازاں بیٹنگ بھی کی۔

اسی طرح نسیم شاہ نے تیز گیندوں سے ایک اور بلے باز اسد شفیق کو پریشان کیا لیکن مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے فاسٹ باﺅلرز کی گیندوں کا بہادری سے سامنے کیا البتہ دیگر بلے بازوں کی ناکامی انگلینڈ جیسی ٹیم کیخلاف سیریز سے قبل باعث تشویش ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ مصباح اور یونس کی موجودگی سے انہیں بہت مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز 5 اگست سے شروع ہو گی جس کا دوسرا ٹیسٹ 13 اور فائنل ٹیسٹ 21 اگست سے کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز اولڈ ٹریفورڈ میں ہو گی جس کا پہلا میچ 28اگست ، دوسرا میچ 30 اگست اور تیسرا ٹی 20 یکم ستمبر کو ہو گا۔
وقت اشاعت : 28/07/2020 - 12:26:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :