دورہ انگلینڈ کیلئے جنید خان کو محمد عامر پر ترجیح دینی چاہیئے تھی: عاقب جاوید

پی سی بی اور سلیکٹرز پیسر کے پرستار ہیں جن کو کسی نہ کسی وجہ کے تحت موقع فراہم کردیا جاتا ہے : سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 جولائی 2020 17:27

دورہ انگلینڈ کیلئے جنید خان کو محمد عامر پر ترجیح دینی چاہیئے تھی: عاقب جاوید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2020ء ) سابق قومی ٹیسٹ فاسٹ بالر عاقب جاوید نے محمد عامر کو انگلینڈ بھیجنے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اس بات کا غماز ہے کہ مستقبل کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی مرتب نہیں کی جا سکی ورنہ دورے کیلئے محمد عامر کے بجائے جنید خان کو اولین ترجیح سمجھنا چاہئے تھا۔عاقب جاوید کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ پی سی بی اور سلیکٹرز محمد عامر کے پرستار ہیں جن کو کسی نہ کسی وجہ کے تحت موقع فراہم کردیا جاتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر انگلینڈ کے دورے پر صرف ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں گے جو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہی نہیں چاہتے ہیں جبکہ 29 رکنی سکواڈ میں آٹھ سے دس پیسرز کی موجودگی میں محمد عامر کو بھیجنے کی ویسے بھی ضرورت نہیں تھی کیونکہ مختصر فارمیٹ میں کھیلنے کیلئے دستیاب بالرز ہی کافی تھے ۔

(جاری ہے)

سابق پیسر کا کہنا تھا کہ جنید خان کی کارکردگی کا موازنہ محمد عامر سے کیا جائے تو وہ زیادہ پیچھے نہیں بلکہ کئی اعتبار سے بہتر ہیں مگر ناانصافی کرتے ہوئے سلیکٹرز کی جانب سے ہمیشہ جنید خان کو کسی وجہ کے بغیر نظرانداز کیا جاتا ہے ۔

عاقب جاوید کے مطابق پی سی بی نے لندن سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں پانچ سالہ پابندی کے خاتمے پر دوبارہ موقع دیا لیکن وہ 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی فائنل کے علاوہ کوئی اہم کارکردگی نہیں دکھا سکے اور مسلسل جدوجہد کا شکار ہیں لہٰذا ان کو طلب کئے جانے کا موجودہ حالات میں کوئی جواز نہیں تھا۔
وقت اشاعت : 28/07/2020 - 17:27:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :