ملک میں سنوکر کا کھیل حکومتی اور سپانسر کی سر پرستی کا منتظر ہے، عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے کوالیفائرز رائونڈ میں ویزا نہ ملنے پر شرکت سے محروم رہ گیا، حمزہ اکبر

بدھ 29 جولائی 2020 12:03

ملک میں سنوکر کا کھیل حکومتی اور سپانسر کی سر پرستی کا منتظر ہے، عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے کوالیفائرز رائونڈ میں ویزا نہ ملنے پر شرکت سے محروم رہ گیا، حمزہ اکبر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2020ء) پاکستان کے ٹاپ پروفیشنل سنوکر کھلاڑی حمزہ اکبر نے کہا ہے کہ ملک میں سنوکر کا کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ گذشتہ روز سرکاری خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میں عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے کوالیفائرز رائونڈ میں ویزا نہ ملنے پر شرکت نہ سکا۔

انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ ایک اچھا موقع تھا اگر ویزہ مل جاتا تو میں ایونٹ کے لئے کوالیفائی کر سکتا تھا کیونکہ میں نے ایونٹ کی تیاری کے لئے بھر پور محنت کر رکھی تھی، عالمی سنوکر چیمپئن شپ کا کوالیفائرز رائونڈ 19 جولائی سے برطانیہ میں جاری ہے، ملک میں سنوکر کے ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انٹرنیشنل سطح پرکئی میڈلز حاصل کرنے والے 27 سالہ حمزہ اکبر نے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں سنوکر کے میدان میں حکمرانی کر رکھی ہے اور ملک میں اس کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ خاص کر پنجاب میں موجود ہے لیکن کھلاڑی بنیاد ی سہولیات سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پنجاب حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سنوکر کے کھیل پر توجہ دے تاکہ کھلاڑی مزید بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ واضح رہے کہ حمزہ اکبر کو گزشتہ برس کیو سکول میں آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے کی وجہ سے ورلڈ چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ کوالیفائی کرنے کی صورت میں وہ انگلینڈ میں 31 جولائی سے شروع ہونے والے مین رائونڈ میں شرکت کرتے، ورلڈ سنوکر ٹور اور ورلڈ پروفیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن نے حمزہ اکبر کے ویزا کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی تھی، حمزہ اکبر کو پہلا میچ میں مراکش کے امین امیری کے خلاف کھیلنا تھا تاہم ویزا نہ ملنے کے سبب انہیں ایونٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔
وقت اشاعت : 29/07/2020 - 12:03:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :