پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز منسوخ کرنا لاہور قلندرز کیساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی: علی ترین

غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہ ہوئے تو مقامی کھلاڑیوں کو صلاحیت دکھانے کیلئے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں :مالک ملتان سلطانز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 29 جولائی 2020 17:05

پی ایس ایل 5 کے بقیہ میچز منسوخ کرنا لاہور قلندرز کیساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی: علی ترین
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی 2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے کہا ہے کہ پی ایس ایل سیزن 5 کے بقیہ میچز ملتوی ہونا پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی دیگر ٹیموں خصوصاً لاہور قلندرز کیساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موقوف ہونے والے پی ایس ایل سیزن پانچ کا پلے آف مرحلہ بدستور لٹکا ہوا ہے کیونکہ پی سی بی کی جانب سے نومبر یا دسمبر کی ممکنہ ونڈو میں باقی میچز کی پلاننگ غیر ملکی پلیئرز کی عدم دستیابی اور مالی طور پر کمتر فوائد کے علاوہ کورونا وائرس کی صورتحال کے سبب خطرے میں پڑی ہوئی ہے ۔

گزشتہ اجلاس میں فرنچائز مالکان سے باقی میچز کرانے یا پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ ٹیم کو فاتح قرار دینے سے متعلق رائے لی جا چکی ہے البتہ اس حوالے سے متضاد آراء سامنے آئی ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ملتان سلطانز کے شریک مالک علی ترین نے اپنے ٹوئٹ میں باقی میچز نہ کرانے کو کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کے ساتھ بڑی ناانصافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ خاص طور پر لاہور قلندرز کیلئے یہ فیصلہ قطعی درست نہیں جس نے طویل جدوجہد کے بعد پلے آف کیلئے کوالیفائی کیا اور وہ ایونٹ جیتنے کی پوزیشن میں ہے ۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ شائقین کو باقی میچز دیکھنے کا موقع ملے گا اور غیر ملکی کھلاڑی دستیاب نہ ہوئے تو مقامی صلاحیت کو چمکنے کیلئے مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے ستمبر میں ایونٹ سے متعلق حتمی فیصلے کا پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے البتہ فرنچائز باقی میچوں کے بارے میں متضاد آراء رکھتی ہیں۔
وقت اشاعت : 29/07/2020 - 17:05:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :