پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز سے بہتر،انگلینڈ کو سرپرائز کرنے کی اہلیت رکھتی ہے: مائیکل وان

کیریبین ٹیم کو کمتر ثابت کرنا مقصود نہیں لیکن طویل فارمیٹ میں پاکستان سائیڈ کافی اچھی ثابت ہوگی، بابراعظم اور اظہرعلی جیسے ہائی کوالٹی بیٹسمین انگلش کنڈیشنز کااچھا تجربہ رکھتے ہیں :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 30 جولائی 2020 15:35

پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز سے بہتر،انگلینڈ کو سرپرائز کرنے کی اہلیت رکھتی ہے: مائیکل وان
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی 2020ء ) سابق انگلش کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر مائیکل وان نے پاکستانی ٹیم کو ویسٹ انڈیز سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ کو سرپرائز کرنے کی اہلیت رکھتی ہے ،کیریبین ٹیم کو کمتر ثابت کرنا مقصود نہیں لیکن طویل فارمیٹ میں پاکستان سائیڈ کافی اچھی ثابت ہوگی،آئندہ ہفتے شروع ہونے والی سیریز کا بے چینی سے انتظار ہے ،بابراعظم اور اظہرعلی جیسے ہائی کوالٹی بیٹسمین انگلش کنڈیشنز کااچھا تجربہ رکھتے ہیں،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑے سکورز کرنے کی پلاننگ کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 5 اگست سے اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پرہوگا جس کیلئے ماہرین نے ابھی سے اندازے لگانا شروع کردیئے ہیں اور 45 سالہ سابق انگلش کپتان مائیکل وان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں اتنی اہلیت ہے کہ وہ انگلینڈ کو اسی کے پائیں باغ میں سرپرائز کر سکے جبکہ گرین شرٹس میزبان ٹیم کیلئے ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں سخت چیلنج ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ ویسٹ انڈین ٹیم کو کمتر ثابت کرنے کی کوشش نہیں کر رہے لیکن پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز سے کافی اچھی ثابت ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ وہ آئندہ ہفتے شروع ہونے والی سیریز کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں جو ایک دوسرے کو ادھیڑ کر رکھ دے گی۔مائیکل وان کا کہنا تھا کہ دورے پر آنے والی پاکستانی ٹیم انگلینڈ کو صدمہ پہنچا سکتی ہے اگر ہوم ٹیم نے اسی طرز کی کرکٹ کھیلی جیسی کہ اس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں ساؤتھمپٹن میں کھیلی تھی۔

سابق انگلش کپتان کو یقین ہے کہ پاکستانی ٹیم مقابلے سے بھرپور مجموعہ سکور بورڈ پر سجانے کیلئے کپتان اظہرعلی اور بابر اعظم کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرے گی جو دائیں ہاتھ کے ہائی کوالٹی بیٹسمین اور انگلش کنڈیشنز میں کھیلنے کا اچھا تجربہ رکھتے ہیں۔پاکستان کو بہترین ٹیم قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گیند ہاتھ میں آنے کے بعد اس کی استعداد کار کا لیول خاصا بلند محسوس ہوتا ہے اور اگر پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی تو یقین ہے کہ اس کی اولین منصوبہ بندی یہی ہوگی کہ سکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجایا جا ئے اور ایسا کرتے ہوئے وہ انگلش سائیڈ کو سخت چیلنج فراہم کریں گے اور ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں انگلینڈ کی پاکستان کیخلاف سیریز زیادہ دلچسپ اور مقابلے سے بھرپور ہوگی۔
وقت اشاعت : 30/07/2020 - 15:35:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :