ڈبلیو ٹی اے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 2020ء کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ

پیر 3 اگست 2020 16:15

ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) ویمنز ٹینس اسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی ای) نے جاپان میں ڈبلیو ٹی اے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ منسوخ کر دیا ہے۔ ایشیا کا معروف اور ویمنز ٹاپ ٹینس ٹورنامنٹ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایشیا کے ٹاپ ویمنز ایونٹ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ڈبلیو ٹی اے ایونٹ کی انتظامیہ کے مطابق ڈبلیو ٹی اے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر میں جاپان میں شیڈول تھا جسے گذشتہ سال جاپان کی ہی نمبر ون ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا نے جیتا تھا، اس سے قبل گذشتہ ہفتے چین میں 2020ء میں ہونے والے تمام بین الاقوامی ٹینس ٹورنامنٹ کو بھی عالمی وبا کی وجہ سے منسوخ دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں ہیں وہاں جاپان میں کھیلوں کا وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے اسی وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس گیمز بھی ملتوی کر دیئے گئے تھے جسکا آغاز بھی گزشتہ ہفتے جولائی میں ہونا تھا، عالمی وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس گیمز انتظامیہ نے اسے ایک سال کے لئے ملتوی کردیا تھا۔

منتظمین پرامید ہیں کہ وہ تاخیر سے پین پیسیفک ایونٹ کا انعقاد کرسکیں گے۔ ڈبلیو ٹی اے پین پیسیفک اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کو ستمبر سے نومبر تک ملتوی کردیا گیا تھا۔واضح رہے کہ عالمی ٹینس کا سیزن مارچ کے وسط سے ہی دنیا بھر میں وائرس پھیلنے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے اور دوبارہ شروع ہونے کے لئے جدوجہد کر رہا ہے۔ سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اور سال کا چوتھا اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ رواں ماہ نیو یارک میں شیڈول ہیں۔
وقت اشاعت : 03/08/2020 - 16:15:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :