شاہین اورنسیم نئے وسیم اکرم اوروقارثابت ہوسکتے ہیں :مائیکل وان

نسیم کو ڈیبیو کرتے دیکھا، وہ ہائی کلاس بائولر ہیں: سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 اگست 2020 11:44

شاہین اورنسیم نئے وسیم اکرم اوروقارثابت ہوسکتے ہیں :مائیکل وان
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5اگست 2020ء ) سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہاکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ دنیائے کرکٹ کے نئے وسیم اکرم اور وقار یونس ثابت ہوسکتے ہیں۔ 45 سالہ مائیکل وان نے کہا ہے کہ میں نے نسیم کو ڈیبیو کرتے دیکھا، وہ ہائی کلاس بولر ہیں، ڈیوک بال سے محمد عباس بھی میزبان بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصباح الحق بیک وقت 2 سپنرز کو کھلانا چاہتے ہیں، میں ان کی بات کو سمجھتا بھی ہوں مگر اس سیریز میں اہم کردار عباس، نسیم اور شاہین کا ہی ہوگا۔

دوسری جانب نوجوان قومی پیسر نسیم شاہ کا دعویٰ ہے کہ اپنے ساتھی باؤلرز سمیت وہ انگلش بیٹسمینوں کو پہلے ٹیسٹ میں حکمرانی سے روکنے کیلئے تیار ہیں اور اگرچہ جو روٹ کے علاوہ بین سٹوکس بھی بہترین سہی لیکن کسی خوف کا باعث ہرگز نہیں بن سکتے ۔

(جاری ہے)

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ انگلش کپتان جو روٹ اور بین سٹوکس کو وہ بلند درجہ دیتے ہیں جن کیخلاف آزمائش ایک بہترین بات ہوگی کیونکہ وہ اچھے بیٹسمینوں کا احترام ضرور کرتے ہیں مگر کسی خوف میں مبتلا نہیں ہوتے لہٰذا ان کیخلاف باؤلنگ کرنا پریشانی کا باعث نہیں ہوگا اور انہیں حکمرانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نوجوان پیسر کے مطابق انہیں فی الوقت انگلینڈ میں بہت کم لوگ جانتے ہیں لیکن وہ انگلینڈ سے حریف بیٹسمینوں اور شائقین پر اچھے اثرات مرتب کر کے واپس جانا چاہتے ہیں تاکہ وہ ان سے بخوبی واقف ہو جائیں۔نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ انگلش باؤلرز کا پوری توجہ کے ساتھ مشاہدہ کر رہے ہیں کہ وہ ہوم کنڈیشنز میں کس طرح باؤلنگ کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 05/08/2020 - 11:44:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :