بابراعظم، کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اسکی بات کر رہا ہوتا: ناصر حسین

بابر بلا شبہ ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ اسے وہ توجہ حاصل نہیں ہے جو ویرات کوہلی، سٹیو سمتھ، کین ولیمسن اور جوروٹ کو حاصل ہے: سابق انگلش کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 6 اگست 2020 12:40

بابراعظم، کوہلی ہوتا تو ہر کوئی اسکی بات کر رہا ہوتا: ناصر حسین
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2020ء ) انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ کے دوران بابراعظم کی شاندار نصف سنچری سے متعلق بات کرتے ہوئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی جگہ یہ اننگز ویرات کوہلی نے کھیلی ہوتی تو ہر طرف اس پر بات ہورہی ہوتی لیکن چونکہ یہ بابر اعظم نے کھیلی ہے اس لیے اس پر کوئی بات نہیں کررہا۔

ناصر حسین نے کہا کہ بابراعظم میں بھی اتنی ہی صلاحیتیں ہیں جتنی ویرات کوہلی،سٹیو سمتھ، کین ولیمسن اور جو روٹ میں ہیں، اس لیے دنیائے کرکٹ میں فیب فور کو اب فیب فائیو ہوناچاہیے اور لسٹ میں 5واں نام بابراعظم کا ہونا چاہیے۔ ناصر حسین کا کہنا تھا کہ یہ شرمندگی کی بات ہے اور یہ شائد اس وجہ سے ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ سے دور یو اے ای میں کرکٹ کھیلتی ہے، اسی لیے بھارتی کرکٹ کے سائے میں چھپتی جارہی ہے، پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل نہیں کھیلتے ، بھارت کے ساتھ نہیں کھیلتے یہی وجہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو کوئی ماننے کیلئے تیار نہیں ہے جو کہ شرمندگی کی بات ہے۔

(جاری ہے)

ناصر حسین نے بابراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر ایک بہترین کھلاڑی ہے اس کی ایوریج رن ریٹ 68 ہے اور سفید گیند کے ساتھ 55 رنز ہے، وہ جوان ہے، خوبصورت کھیلتا ہے، اس میں سارے گن موجود ہیں، دنیا 4 بہترین کھلاڑیوں کی بات کرتی ہے انہیں اب 5 بہترین کھلاڑیوں کی بات کرنی چاہیے اور بابراعظم کو ان میں شامل ہونا چاہیے۔

ناصر حسین کے تبصرے سے اتفاق کرتے ہوئےپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے لگتا ہے اور یہی بابر اعظم کے اعداد و شمار بھی بتاتے ہیں کہ اس لڑکے نے گزشتہ چند برسوں میں 65 رنز سے زائد کی ایوریج سے بیٹنگ کی ہے، اس نے بطور بیٹسمین اور بطور انسان خود کو بہت سدھارا ہے، بابر اعظم ایک پراعتماد جوان لڑکا ہے لیکن وہ کبھی بھی اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوتا، اور یہی کسی بھی کھلاڑی کی سب سے بڑی علامت ہوتی ہے اور بابراعظم ایک عظیم کھلاڑی بننے کیلئے درست سمت میں چل رہا ہے۔ یاد رہے کہ بابر اعظم نے 2018ء سے اب تک 27اننگز میں 1427 رنز سکور کیےہیں جن میں5 سنچریاں اور 10 ففٹیز شامل ہیں۔ 
وقت اشاعت : 06/08/2020 - 12:40:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :