عالمی تائیکوانڈو فیڈریشن کے بورڈ آف گورنر اور مجلس عاملہ کا اجلاس 10 اگست سے شروع ہوگا

جمعہ 7 اگست 2020 23:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) پاکستان تائیکوانڈور فیڈریشن کے صدر کرنل (ریٹائرڈ) وسیم احمد جنجوعہ نے کہا ہے کہ عالمی تائیکوانڈو فیڈریشن کے بورڈ آف گورنر اور مجلس عاملہ کا اجلاس 10 اگست سے شروع ہوگا، اجلاس میں رواں سال دسمبر تک جاری انٹرنیشنل تائیکوانڈو کی سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت کے علاوہ نئے اور پرانے کیلنڈرکے شیڈول کے بارے فیصلے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس 15 اگست تک جاری رہے گا، گذشتہ روز سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی تائیکوانڈو فیڈریشن نے پاکستان کو انٹرنیشنل جی ون تائیکوانڈو چیمپئن شپ الاٹ کی ہوئی ہے جو کہ رواں سال 23 سے 29 اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلی جانی ہے اور دنیا میں کرونا وائر س کے باعث عالمی تائیکوانڈو فیڈریشن نے تائیکوانڈو کی تمام انٹرنیشنل سرگرمیوں کو معطل کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرانٹرنیشنل باڈی جی ون ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی اجازت دے دیتی ہے تو پھر تیاریوں کے لئے ہمارے پاس دو ماہ کا وقت ہوگا اورہمیں دو ماہ کے عرصہ میں سپانسر تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ، ایونٹ کے لئے وینیو وغیرہ کا کام بھی جلد مکمل کرنا ہوگا۔
وقت اشاعت : 07/08/2020 - 23:56:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :