مانچسٹر ٹیسٹ، انگلینڈ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 107 رنز کے خسارے کے ساتھ 219 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اولی پوپ نے 62 رنز بنائے، یاسر شاہ نے چار، محمد عباس اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی، پاکستان ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناکر میزبان ٹیم کے خلاف 244 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی، براڈ، ووکس اور سٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا

جمعہ 7 اگست 2020 23:50

مانچسٹر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2020ء) پاکستان ٹیم کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت میزبان ٹیم گرین شرٹس کی اننگز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 107 رنز کے خسارے کے ساتھ 219 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اولی پوپ نے 62 رنز بنائے، یاسر شاہ نے چار، محمد عباس اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی، پاکستان ٹیم نے میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناکر انگلینڈ کے خلاف 244 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی، سٹورٹ براڈ، کرس ووکس اور بین سٹوکس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

مانچسٹر میں جمعہ کو میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 4 کھلاڑی آئوٹ 92 رنز سے دوبارہ شروع کی تو اولی پوپ 46 اور جوز بٹلر 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑیوں نے کچھ مزاحمت کی اور پانچویں وکٹ پر 65 رنز بنائے، اولی پوپ اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں 16 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انکے بعد جوز بٹلر کو 38 کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ نے کلین بولڈ کر دیا۔

انکے بعد کوئی بھی انگش بلے باز پاکستانی بائولز کے سامنے نہ کھڑا ہوسکا، ڈوم بیس ایک رن بناکر یاسر شاہ کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، کرس ووکس انگلینڈ کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند کا نشانہ بنے۔ جوفرا آرچر 16 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے،جیمز اینڈرسن انگلینڈ کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 7 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔

سٹورٹ براڈ 29 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ انگلینڈ کی ٹیم گرین شرٹس کی اننگز کے سکور 326 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 219 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ پاکستان کے یاسر شاہ نے چار، محمد عباس اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔ جواب میں 107 رنز کی برتری کے ساتھ پاکستان ٹیم کی طرف شان مسعود اور عابد علی نے دوسری اننگز کا آغاز کیا، آغاز کچھ خاص نہ تھا، پہلی اننگز میں شاندار سنچری سکور کرنے والے اوپننگ بلے باز دوسری اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے سٹورٹ براڈ کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، عابد علی 20، بابر اعظم 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، پہلی اننگز میں صفر پر آئوٹ ہونے والے کپتان اظہر علی دوسری اننگز میں بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 18 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، اس وقت پاکستان کو مجموعی سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز تھا ۔

اسد شفیق بدقسمتی سے 29 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے، محمد رضوان چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 27 رنز بناکر بین سٹوکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ شاداب 15رنز بناکر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، شاہین آفریدی 2 رنز بناکر بین سٹوکس کی گیند پر برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ میچ کے تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنالئے تھے اور اس کو انگلینڈ کے خلاف 244 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ یاسر شاہ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔
وقت اشاعت : 07/08/2020 - 23:50:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :