کورونا وائرس میں کمی کی وجہ سے رواں سال اکتوبر میں دوبارہ بلائنڈ کرکٹ ڈومیسٹک ایونٹ کا انعقاد کریں گے، سلطان شاہ

اتوار 9 اگست 2020 13:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سیّد سلطان شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں کمی کی وجہ سے رواں سال اکتوبر میں دوبارہ ڈومیسٹک ایونٹ کا انعقاد کریں گے، آئندہ 6 ماہ تک ایک غیر ملکی ٹیم کو بھی پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث گذشتہ 5 ماہ سے کھلاڑی فزیکل فٹنس ٹیسٹ کو برقرار رکھنے کیلئے گھروں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور ہم نے کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ بھی آن لائن فزیکل فٹنس کی بنیاد پر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا میں روزبروز کمی آ رہی ہے جس کی وجہ سے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں ڈومیسٹک سیزن کا آغاز کریں تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی پرامید ہے کہ آئندہ 6 ماہ تک کسی بھی غیر ملکی ٹیم کو پاکستان کے ساتھ سیریز کیلئے مدعو کریں گے۔
وقت اشاعت : 09/08/2020 - 13:25:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :