پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا ملک میں دوبارہ کھیلوں کی بحالی پر خیرمقدم، نیٹ بال کھیل کا آغاز 14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر ہوگا

پیر 10 اگست 2020 13:02

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا ملک میں دوبارہ کھیلوں کی بحالی پر خیرمقدم، نیٹ بال کھیل کا آغاز 14 اگست کو جشن آزادی کے موقع پر ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کا ملک میں دوبارہ کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی پر خیر مقدم، نیٹ بال کھیل کا آغاز 14 اگست کو جشن آزادی نیٹ بال نمائشی میچ سے پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں ہوگا، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جشن آزادی کے سلسلہ میں 14 اگست کو ملک بھر میں نیٹ بال کے نمائشی میچز کھیلے جائیں گے اور اس سلسلہ میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے تمام متعلقہ صوبائی، ریجنل ایسوسی ایشنز اور محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، نیٹ بال کے میچز لاہور، پشاور، کراچی ، اسلام آباد ، گلگت ، مظفرآباد اور کوئٹہ سمیت ضلعی سطح پر بھی منعقد ہونگے اور میچز کے دوران تمام کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں مدثر آرائیں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث معطل ہونے والی کھیلوں کی سرگرمیوں کو حکومت کی جانب سے ملک میں دوبارہ کھیلوں کی بحالی خوش آئند بات ہے اور اس سے ملک میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوتے ہوئے رونقیں بحال جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک میں آن لائن سیمینار کا بھی اہتمام کیا تھا جس میں ملک بھر سے سو سے زائد کھلاڑیوں، کوچز، ٹیکنیکل آفیشلز اور سکول ٹیچرز نے حصہ لیا، اور اب پاکستان نیٹ بال فیڈریشن امپائرز اینڈ کوچنگ کورس منعقد کروانے کی منصوبہ بندی تیار کر رہی جس میں ملک بھر سے کھلاڑی، کوچز، ٹیکنیکل آفیشلز اور سکول ٹیچرز اپنی اپنی رجسٹریشن آن لائن کروا سکیں گے جس کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے کھیلوں کی سر گرمیاں دس اگست سے دوبارہ شروع کرنے کی اجازت کا کھیلوں کے حلقوں نے خیر مقدم کیا ہے اور اسے اچھا فیصلہ قرار دیا ہے، مقابلوں کے دوران تماشائیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے،کشتی، کبڈی اور رگبی کے کھیل کو شروع کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
وقت اشاعت : 10/08/2020 - 13:02:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :