کمپنی باغ فلڈ لائٹ فٹبال گرائونڈ کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ڈی جی سپورٹس عدنان ارشد اولکھ

پیر 10 اگست 2020 17:12

کمپنی باغ فلڈ لائٹ فٹبال گرائونڈ کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، ڈی جی سپورٹس عدنان ارشد اولکھ
سرگودہا ۔10اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق کھیلوں میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے اور نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی طور پر سرگرم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمپنی باغ میں زیر تعمیر فلڈ لائٹ فٹبال گرائونڈ کے معائنہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 15ارب روپے کی 149کھیلوں کی سکیمیں زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سپورٹس کا انفراسٹرکچر گراس روٹ سطح پر لا رہی ہے، فلیگ شپ پروگرام کے تحت پنجا ب کی 24 تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیس بنائے جائیں گے جبکہ 25تحصیلوں میں ہاکی آسٹروٹرف بچھائے جا چکے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جمنازیم اور ملٹی پرپل گرائونڈ سمیت سافٹ گرائونڈ ز کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بتایا کہ نوجوان پاکستان کی شان ہیں مختلف مقامات پر دستیاب اراضی گرائونڈزکی صورت میں کھیلنے کے قابل بنا کر مقامی کمیونٹی اور یوتھ کونسلز کے حوالے کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو کھیل کود اور صحت مندانہ سرگرمیوںکیلئے بھر پور مواقع مل سکیں ۔ عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ حکومت صرف گرائونڈز کی تعمیر پر ہی توجہ نہیں دے رہی بلکہ ان کے قابل عمل اور بہترین استعمال کیلئے سپورٹس ایسوسی ایشنز اور کلبوں کو بھی ساتھ ملا کر قابل عمل پالیسی مرتب کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی سمیت فٹبال اور کرکٹ کی ترویج کیلئے اکیڈمی پر کام شروع ہے جبکہ سرگودہا میںفٹبال اکیڈمی قائم کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ کمپنی باغ فلڈ لائٹ فٹبال گرائونڈ کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام2 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔ قبل ازیں انہیں زیر تعمیر فٹبال گرائونڈ کے ترقیاتی کام بارے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے گرائونڈ کا معائنہ کرتے ہوئے لیزر لیونگ کرنے کی ہدایت کی ۔ بعدازاں انہوںنے کمپنی باغ میں مون سون شجر کاری مہم کے سلسلہ میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس افسر شاہ منظرفرید، نیشنل فٹبال کوچ شہزاد انور اور علی خرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وقت اشاعت : 10/08/2020 - 17:12:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :