آئی پی ایل ،3 فرنچائزز کو نئے قوانین سے مسائل کا سامنا

کنگز الیون پنجاب ، راجستھان رائلز اور سن رائزرز حیدر آباد کواپنے سکواڈز سے ایک ، ایک کھلاڑی باہر کرنا پڑیگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 اگست 2020 17:36

آئی پی ایل ،3 فرنچائزز کو نئے قوانین سے مسائل کا سامنا
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2020ء ) کورونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات میں رواں سال آئی پی ایل کی منتقلی پر تین فرنچائزز کو ٹورنامنٹ کیلئے نئے خصوصی قوانین سے مسائل کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایونٹ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ فرنچائزز اپنے ساتھ زیادہ سے زیادہ 24 کھلاڑی یو اے ای لے جا سکتے ہیں تاہم تین ٹیموں کنگز الیون پنجاب ، راجستھان رائلز اور سن رائزرز حیدر آباد کے سکواڈ ز25 پلیئرز پر مشتمل ہیں لہٰذا قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے انہیں اپنے سکواڈز سے ایک ، ایک کھلاڑی کو باہر کرنا پڑیگا۔

د وسری جانب کولکتہ نائٹ رائیدرز نے 24کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے اور ٹیم ابو ظہبی کے ہوٹل میں بائیو سیفٹی زون میں قیام کریگی جبکہ کھلاڑیوں کی ایئر پورٹ آمد اور ہوٹل میں داخلے سے قبل کوویڈ ٹیسٹ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے تین مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہے گا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ چار مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لیستھ ملنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔
وقت اشاعت : 10/08/2020 - 17:36:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :