آئی پی ایل: بی سی سی آئی کو ٹائٹل سپانسر کی تلاش

سپانسرشپ میں دلچسپی رکھنے والا ادارہ کم از کم سالانہ 300 کروڑ کے ٹرن اوور کا مالک ہو: شرط

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 اگست 2020 16:50

آئی پی ایل: بی سی سی آئی کو ٹائٹل سپانسر کی تلاش
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11اگست 2020ء ) بی سی سی آئی کو بھارتی حکومت کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کے 13ویں سیزن کا میلہ سجانے کی باضابطہ اجازت مل گئی اور اب فرنچائز مالکان جلد بورڈ افسران سے ایس اوپیز سے متعلق مذاکرات کریںگے ۔دوسری جانب بی سی سی آئی حکام ٹائٹل سپانسر کی تلاش میں سرگرداں ہیں جنہوں نے چائنیز کمپنی کی جانب سے دو ہفتے قبل دستبرداری کے بعد نئے سپانسر کیلئے اشتہار جاری کردیا ہے جس کیلئے پہلی شرط یہ رکھی گئی ہے کہ ٹائٹل سپانسرشپ میں دلچسپی رکھنے والا ادارہ کم از کم سالانہ 300 کروڑ کے ٹرن اوور کا مالک ہو البتہ کامیاب بولی کیلئے سب سے زائد رقم کے بجائے بعض دیگر پہلوؤں کو بھی پیش نظر رکھا جا سکتا ہے ۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔

آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ 4 مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔
وقت اشاعت : 11/08/2020 - 16:50:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :