پاکستانی کرکٹر سے بدتمیزی کرنے کا معاملہ

انگلش کرکٹر اسٹورٹ براڈ کو ان کے والد اور میچ ریفری نے سزا دے دی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 11 اگست 2020 21:54

پاکستانی کرکٹر سے بدتمیزی کرنے کا معاملہ
ساؤتھمپٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2020ء) پاکستانی کرکٹر سے بدتمیزی کرنے کا معاملہ، انگلش کرکٹر اسٹورٹ براڈ کو ان کے والد اور میچ ریفری نے سزا دے دی، تفصیلات کے مطابق کرکٹ نے نگراں عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انگلینڈ کے فاسٹ بولر پر جرمانہ عائد کردیا۔ مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف آئی سی سی کے لیول ون کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پیسر اسٹورٹ براڈ پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔

دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کو کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے۔ یہ واقعہ میچ کی دوسری اننگز کے 46 ویں اوور میں پیش آیا جس میں یاسر شاہ کو آؤٹ کرنے کے بعد بولر نے غیر شائستہ زبان استعمال کی تھی۔ یہ آرٹیکل کھلاڑیوں اور معاونت کاروں سے متعلق ہے جس میں بدزبانی، ایکشن اور نازیبا اشارے شامل ہیں جو کہ انٹرنیشنل میچ میں کھلاڑیوں کو جارحانہ ردعمل پر اکسانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس عمل پر اسٹورٹ براڈ پر انکے والد اور ریفری کرس نے جرمانہ عائد کردیا۔ اس کے علاوہ براڈ کے انضباطی ریکارڈ میں ایک ڈیمریٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے کیونکہ گزشتہ 24 ماہ کی مدت میں یہ تیسرا جرم تھا ، جس کی وجہ سے مجموعی ڈیمریٹ پوائنٹس تین ہوگئے ہیں۔ اسٹورٹ براڈ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے عائد کردہ جرمانے کو قبول کیا ہے جس کے بعد باضابطہ کوئی سماعت کی ضرورت نہیں رہی۔

دوسری جانب انگلش ٹیم پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ایک اور کھلاڑی سے محروم ہوگئی، بلے باز ڈین لارنس خاندانی مصروفیات کی وجہ سے ساؤتھمپٹن ٹیسٹ سے دستبردار ہوگئے، اس سے قبل بین اسٹوکس بھی سیریز سے دستبردار ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح حاصل کرنے کے باوجود سیریز کے دوسرے میچ سے قبل مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔ انگلش کرکٹ ٹیم کو 2 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑ گیا ہے۔
وقت اشاعت : 11/08/2020 - 21:54:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :