پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ (آج) بائول ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا

بدھ 12 اگست 2020 09:15

سائوتھمپٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ (آج) جمعرات سے روز بائول ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد انکی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم فارم میں ہے اور پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم کے پاس آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھیننے کا سنہری موقع ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے میزبان ٹیم کو پاکستان کی ٹیم سے ایک ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ساؤتھمپٹن میں ہی شیڈول ہے جو 21 سے 25 اگست تک کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں شامل تین ٹی20 میچز کھیلنے کے لئے ایک بار پھر اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کا رخ کریں گی جہاں 28 اور 30 اگست کے علاوہ یکم ستمبر کو میچز کھیلے جائیں گے۔ 26 اگست کو مہمان ٹیم مانچسٹر روانہ ہوگی۔

28 اگست کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلاجائیگا۔ دوسرا میچ 30 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلاجائے گا۔ تینوں ٹی ٹونٹی میچز مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے ۔ پاکستان ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد 2 ستمبر کو واپس لاہور کے لئے روانہ ہوگی۔
وقت اشاعت : 12/08/2020 - 09:15:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :