محمد رضوان کی تعریف کرنے پر سکندربخت غصہ میں آگئے اور لڑپڑے

کرکٹ اینالسٹ عالیہ رشید کی جانب سے محمد رضوان کی تعریف کرنے پر سابق ٹیسٹ کرکٹربرہم ہوگئے اور ان سے الجھ پڑے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 اگست 2020 16:30

محمد رضوان کی تعریف کرنے پر سکندربخت غصہ میں آگئے اور لڑپڑے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اگست 2020ء ) کرکٹ اینالسٹ عالیہ رشید کی جانب سے محمد رضوان کی تعریف کرنے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت غصہ میں آگئے اور عالیہ رشید سے الجھ پڑے۔ نجی ٹی وی چینل کے شو میں 62 سالہ سکندربخت نے سرفرازاحمد کو نہ کھلانے اور انہیں 12ویں کھلاڑی کے طور پر بھیجنے کا غصہ نکالا تو کرکٹ اینالسٹ نے سکندر بخت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ محمد رضوان کی تعریف کرنے کی بجائے سرفرازاحمد پر پروگرام کرتے رہتے ہیں جس پر سکندر بخت نے پوچھا کہ رضوان نے کیا پرفارمنس دی ہے؟ جس پر عالیہ رشید نے کہا کہ محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ بہت اچھی کی ہے۔

دنیا کے بڑے بڑے کمنٹیٹرز ان کی تعریفیں کررہے ہیں، جس پر سکندربخت نے کہا کہ تعریفیں تو بابراعظم کی بھی ہورہی ہیں، ناصر حسین بھی تعریفیں کررہا ہے ، میں نے اس وقت کہا تھا کہ بابراعظم پہلے رنز کرے پھر بات کریں۔

(جاری ہے)

وہ 50، 100 رنز تو کرتا نہیں ہے، میں بابراعظم کی تب تعریف کروں گا جب وہ 50 سے 100 اور 100 سے 150 کرے گا۔ عالیہ رشید نے کہا کہ آپ روز سرفرازاحمد کو لیکر بیٹھ جاتے ہیں، سرفراز قومی ٹیم کے کپتان رہے ہیں، انہوں نے اپنا وقت انجوائے کیا ہے لیکن رضوان جو اچھی پرفارمنس دے رہا ہے اسے کسی نے ہائی لائٹ نہیں کیا۔

عالیہ رشید نے کہا کہ اگر آپ کو پلیٹ فارم ملا ہے تو آپ ایمانداری سے بات کریں جس پر سکندربخت غصے میں آگئے اور کہا کہ کیا میں بے ایمانی کررہا ہوں؟ آپ اپنے الفاظ واپس لیں۔
عالیہ رشید سے بدتمیزی سے بات کرنے پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ سکندربخت بڑے تجزیہ کاربنے پھرتے ہیں لیکن جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے تو انکی اپنی کارکردگی کیا تھی؟ واضح رہے کہ سکندربخت نے 27 ون ڈے کھیل کر 33 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں اور 26 ٹیسٹ کھیل کر 45 اننگ میں 67 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ سکندربخت کا اپنا ریکارڈ اتنا متاثر کن نہیں کہ وہ بابراعظم اور محمدرضوان پر تنقید کرتے پھریں، سرفرازاحمد نے کرکٹ کھیلی ہے کیا وہ ہر میچ میں سنچری اور نصف سنچری کرتے رہے ؟ کیا سرفراز پاکستان کو ہر میچ جتواتے رہے؟۔
وقت اشاعت : 12/08/2020 - 16:30:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :