دورہ انگلینڈ،سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی پر کرکٹرمحمد حفیظ کو آئسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ

بدھ 12 اگست 2020 23:47

لاہور/ساؤتھ ہمپٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی پر کرکٹرمحمد حفیظ کو آئسولیشن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ترجمان پی سی بی کے مطابق محمد حفیظ گذشتہ صبح ٹیم ہوٹل سے متصل گولف کورس گئے، جوکہ بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہے۔اس دوران انہوں نے ایک عام فرد کے ساتھ تصویر بنوائی اور بعدازاں اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کردیا،تصویر میں واضح ہے کہ محمد حفیظ نے 2 میٹر پر مشتمل سماجی فاصلے کے پروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے،جس پرٹیم منیجمنٹ نے، ٹیم ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد، محمد حفیظ کو اس وقت تک آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک کہ ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی نہیں آجاتا"محمد حفیظ کا کوویڈ19 ٹیسٹ بدھ کی سہ پہر لیا گیا، جس کا رزلٹ جمعرات کو متوقع ہے،محمد حفیظ کو آئسولیشن میں بھیجنے کا فیصلہ ان کے اور ان کے اردگرد موجود تمام افراد کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیم منیجمنٹ کا ماننا ہے کہ یہ غلطی غیردانستہ تھی تاہم یہ سب کو بائیو سیکیور ماحول، جوکہ ان کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بنایاگیا ہے، کی گائیڈ لائنز کی پیروی کرنے کی ایک اچھی یاد دہانی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ٹیم منیجمنٹ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے متعلق آگاہ کردیا ہے،محمد حفیظ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے 20 کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔
وقت اشاعت : 12/08/2020 - 23:47:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :