ایڈم اور سائمن یٹس ٹور ڈی فرانس اور گیرو ڈی اٹالیا ریس میں شرکت کریں گے، ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 29 اگست سے فرانس میں شروع ہوگی

جمعرات 13 اگست 2020 09:45

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) انگلینڈ کے نامور جڑواں بھائیوں پر مشتمل سائیکلسٹس ایڈم اور سائمن یٹس کی مچیلٹن سکاٹ ٹیم کے ہیڈ سپورٹس ڈائرکٹر میٹ وائٹ نے کہا ہے کہ ایڈم یٹس رواں سال ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں شرکت کریں گے جبکہ انکے جڑواں بھائی سائمن یٹس گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس میں حصہ لیں گے۔ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں وہاں سائیکل شیڈول بھی بہت متاثر ہوا ہے، اور اب ری شیڈول ہوکر ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 29 اگست سے 20 ستمبر تک فرانس میں ہوگی کیونکہ اسے کورونا وائرس وبائی بیماری کی وجہ سے دوبارہ ترتیب دیا گیا ہے۔

گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس رواں سال مئی میں ہونا تھی، جو کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پش نظر ملتوی کر دی گئی تھی اور اب گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس 3 سے 25 اکتوبر تک اٹلی میں ہوگی۔

(جاری ہے)

سائمن یٹس نے اپنے ساتھی برٹش کرس فرووم کے ہاتھوں شکست کھا جانے سے قبل 2018ء میں 13 دن کے لئے گیرو ڈی اٹالیا کی قیادت کی تھی۔ مچیلٹن سکاٹ ہیڈ سپورٹس ڈائرکٹر میٹ وائٹ نے کہا کہ ہم نے اپنی تمام تر توجہ گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس میں اپنے سائیکلسٹ سائمن یٹس کی ہر ممکن حد تک مدد کرنے پر مرکوز کی ہوئی ہے تاکہ وہ ایک ٹیم کی حیثیت سے ہمارے لئے اچھا نتیجہ حاصل کرسکیں اور بالآخر ریس جیتنے کی کوشش کریں۔

میٹ وائٹ نے کہا کہ میرے نزدیک گیرو ڈی اٹالیا سائیکل ریس جسمانی طور پر سب سے زیادہ مشکل گرینڈ ٹور ہے، لہذا یقینی طور پر ایک مضبوط ٹیم سے ریس میں واضح فرق پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو ٹیم بھیجیں گے وہ ایک مضبوط اور گہری ٹیم ہوگی اور مجھے یقین ہے کہ سائمن یٹس کو ریسنگ کے تمام پہلوئوں میں زبردست مدد حاصل ہوگی۔ واضح رہے کہ ایڈم یٹس 2016ء میں ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں چوتھے نمبر پر رہے۔
وقت اشاعت : 13/08/2020 - 09:45:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :