کورونا وائرس وبائی بیماری کی وجہ سے موجودہ پابندیاں برقرار رہیں تو کچھ اور کھلاڑی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ نہیں کھیلیں گے، پیٹرا کویٹوا

جمعرات 13 اگست 2020 16:02

پراگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) جمہوریہ چیک کی نامور ٹینس سٹار اور دو بار ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ چیمپئن پیٹرا کویٹوا نے کہا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ حالات اور پابندیاں جاری رہیں تو کچھ اور کھلاڑی گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔ آسٹریلوی ٹاپ سیڈڈ ایشلے بارٹی، ہسپانوی رافیل نڈال سمیت متعدد نامور کھلاڑی میگا ایونٹ میں شرکت سے انکار کر چکے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار پیٹرا کویٹوا نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ اگر موجودہ حالات اور پابندیاں برقرار رہیں تو متعدد کھلاڑیوں کی یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت غیر یقینی ہوگی اور یو ایس اوپن کا کامیاب انعقاد نہیں ہوگا تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی اس میں وقت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز 31 اگست سے امریکہ میں بند دروازوں کے پیچھے ہوگا جس میں شائقین کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

30 سالہ پیٹرا کویٹوا نے مزید کہا کہ میں اب بھی اس کے بارے میں سوچ رہی ہوں اور انتظامات کے حوالے سے ہر چیز کو دیکھ رہی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ سربین ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ بھی پہلے ہی یو ایس اوپن ٹینس میں شرکت کے حوالے سے شکوک و شہبات کا اظہار کر چکے ہیں ۔ پیٹرا کویٹوا خواتین کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں 12 ویں نمبر پر ہیں۔

جمہوریہ چیک کی ٹینس سٹار نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں کھیلے گئے بٹ 1 ایسز نمائش ٹینس ٹورنامنٹ میں شائقین کے سامنے مقابلہ کرنے والی کئی سرفہرست کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ پیٹرا کویٹوا ماضی میں بھی بند دروازوں کے پیچھے کھیل چکی ہیں لیکن وہ اس تجربے کو "عجیب" بیان کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان حالات میں کسی بڑے ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے کا تصور بھی نہیں کرسکتی ہیں۔
وقت اشاعت : 13/08/2020 - 16:02:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :