سپورٹس ڈیسک

سائوتھمپٹن ٹیسٹ، پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالئے عابد علی 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بابر اعظم 25 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ، بارش سے متاثرہ پہلے روز 45.4 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، اینڈرسن نے دو، براڈ، کیرن اور ووکس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا

جمعرات 13 اگست 2020 23:50

سائوتھمپٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنالئے، پاکستان کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی دوسری گیند پر گری، اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ پر 72 رنز بناکر انگلش بائولرز کے خلاف کچھ مزاحمت کی، عابد علی 60 رنز بناکر نمایاں رہے، بابر اعظم 25 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، انگلینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے دو، سٹورٹ براڈ، ثام کیرن اور کرس ووکرس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہوا اور 45.4 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا ۔ جمعرات کو روز بائول، سائوتھمپٹن کے مقام پر دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی تو پاکستان کی طرف سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز آغاز کیا، پاکستان کا آغاز کچھ خاص نہ تھا جب شان مسعود دوسرے اوور کی دوسری گیند پر ایک رن بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد کپتان اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ ملکر انگلش بائولرز کے خلاف مزاحمت کی اور دوسری وکٹ پر 72 قیمتی رنز بنائے تاہم اس موقع پر کپتان اظہر علی 20 رنز بناکر جیمز اینڈرسن کی گیند پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، ان کے بعد عابد علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 60 رنز بناکر ثام کیرن کی گیند پر روری برنز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد اسد شفیق اور فواد عالم یکے بعد دیگرے بالترتیب 5 اور صفر پر آئوٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم 25 اور وکٹ کیپر محمد رضوان 4 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ میچ کے پہلے روز بارش کی وجہ سے کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔ پاکستان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لئے تھے اس موقع پر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو بعد میں نہ تھم سکا اور امپائرز نے بیلز آف کر دیئے۔ انگلینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیمز اینڈرسن نے دو، سٹورٹ براڈ، ثام کیرن اور کرس ووکرس نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 13/08/2020 - 23:50:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :