شاداب خان کو ڈراپ کر کے فواد عالم کو کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے :مائیکل وان

شاداب جیسا پلیئر انگلینڈ میں رنز بنانے کے علاوہ بائولنگ اور فیلڈنگ بھی کرسکتا ہو تو اسکی موجودگی میں کسی اور کی کیاضرورت ہے؟: سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 اگست 2020 15:53

شاداب خان کو ڈراپ کر کے فواد عالم کو کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے :مائیکل وان
ساؤتھمپٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اگست 2020ء ) سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں شاداب خان کو ڈراپ کرکے فواد عالم کو کھلانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ 45 سالہ مائیکل وان کا کہنا تھا کہ انہیں 34 سالہ پلیئر کو گیارہ سال بعد کھلانے کا فیصلہ سمجھ میں نہیں آ سکا جو روایتی انداز سے پاکستان کی جانب سے ہی ممکن ہے کیونکہ اپنی منفرد تیکنیک کے ساتھ انہوں نے گیند کا سامنا جس غلط انداز سے کیا اس پر گیند ایک انچ بھی گھوم جائے تو وہ آؤٹ ہو جائیں گے لہٰذا انہیں قطعی نہیں لگتا کہ یہ فواد عالم کو کھلانے کا درست وقت تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ونڈرفل کرکٹر شاداب خان کو ڈراپ کرنا انہیں قطعی اچھا نہیں لگا جو ممکنہ طور پر آئندہ پاکستانی کپتان بھی بن سکتا ہے کیونکہ جب شاداب خان جیسا پلیئر انگلینڈ میں نفاست کے ساتھ رنز بنانے کے علاوہ لیگ سپن بائولنگ اور مہارت کے ساتھ فیلڈنگ بھی کر سکتا ہو تو پھر اس کی موجودگی میں کسی اور کی ضرورت ہی کب ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم سلیکشن پر کنفیوز مائیکل وان کا مزید کہنا تھا کہ وہ گارنٹی دیتے ہیں کہ شاداب خان کسی بھی موقع پر فواد عالم سے زائد رنز بنا سکتے ہیں جبکہ ان کا لیگ سپن بائولنگ کرنا اور بطور فیلڈر ایک آدھ کیچ یا رن آؤٹ کرنا بھی انہیں زیادہ موثر کرکٹر کے طور پر ابھارتا ہے مگر اسے سوچے سمجھے بغیر ڈراپ کردیا گیا جس کا کوئی جواز ہی نہیں تھا۔
وقت اشاعت : 15/08/2020 - 15:53:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :