مہندرا سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

دھونی دنیا کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے اپنی ٹیم کو 3 آئی سی سی ٹورنامنٹس جتوائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 15 اگست 2020 19:29

مہندرا سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اگست 2020ء ) بھارتی وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے ۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے کیپشن میں دھونی نے لکھا ہے کہ 'شکریہ! آپ کے مسلسل پیار اور سپورٹ کا شکریہ۔ 19:29 بجے سے مجھے ریٹائرڈ سمجھا جائے‘۔ویڈیو میں دھونی نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھاؤ سے متعلق تصاویر کو یکجا کیا ہے جبکہ پس منظر میں 'میں پل دو پل کا شاعر ہوں' گانا چل رہا ہے۔

ایم ایس دھونی ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائر ہوچکے ہیں۔دھونی نے آخری انٹرنیشنل میچ ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا جس میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دھونی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2020ء کھیل کر ریٹائر ہونا چاہتے تھے تاہم کورونا کی وجہ سے ایونٹ ملتوی کردیا گیا اور ان کا یہ خواب ادھورا رہ گیا۔

(جاری ہے)

39 سالہ ایم ایس دھونی نے بھارت کی جانب سے 90 ٹیسٹ، 348 ون ڈے اور98 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ۔ سابق بھارتی کپتان نے ون ڈے انٹرنیشنل میں50.58 کی اوسط سے 10723 رنز بنائے ہیں جبکہ ٹیسٹ میں 38.09 کی اوسط سے 4876 رنز اور اور ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 37.60 کی اوسط سے 1617 رنز اسکور کر چکے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی دنیا کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے 3آئی سی سی ٹورنامنٹس اپنی ٹیم کو جتوائے ہیں، دھونی کی کپتانی میں بھارت نے 2007ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، 2011 ء کا 50 اوورز ورلڈکپ اور 2013ء کی چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
وقت اشاعت : 15/08/2020 - 19:29:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :