ویمنز بگ بیش لیگ، پرتھ سکاچرز کا بیتھ مونی کے ساتھ دو سالہ معاہدہ طے پاگیا

منگل 18 اگست 2020 16:22

ویمنز بگ بیش لیگ، پرتھ سکاچرز کا بیتھ مونی کے ساتھ دو سالہ معاہدہ طے پاگیا
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2020ء) پرتھ سکارچرز نے آئندہ ویمنز بگ بیش لیگ کے لئے بیتھ مونی کے ساتھ دو سالہ معاہدے کو باضابطہ شکل دینے کے بعد مختلف معاہدوں پر دستخط مکمل کر لئے ہیں۔ خواتین ٹی 20 بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ون بلے باز بیتھ مونی برسبین ہیٹ سے پرتھ سکارچرز میں منتقل ہوئی ہیں، بیتھ مونی نے اپنی مسلسل عمدہ کارکردگی کی بدولت 2018ء اور 2019ء میں برسبین ہیٹ کی ٹائٹل فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔

آسٹریلوی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نے ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) میں بیتھ مونی کی پرتھ سکارچرز میں شمولیت کو بہتر قرار دیا ہے۔بیتھ مونی گزشتہ 12 مہینوں سے بھر پور فارم میں ہیں اور وہ اپنے بلے سے مسلسل رنز سکور کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے والی سوفی ڈیوائن کے بعد دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

بیتھ مونی نے رواں سال کے اوائل میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹاپ سکورر کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا، انہوں نے ورلڈ کپ میں 64.75 کی اوسط سے 259 رنز بناکر نہ صرف گزشتہ ریکارڈ توڑا بلکہ انکو میگا ایونٹ کی ٹاپ سکورر بھی قرار دیا گیا تھا۔ بیتھ مونی اس وقت دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ ویمنز بگ بیش لیگ (ڈبلیو بی بی ایل) کا چھٹا سیزن 17 اکتوبر 2020ء سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا حالانکہ کرکٹ آسٹریلیا نے شیڈول کے اعلان کے بعد یہ واضح کردیا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے اس میں تبدیلی آسکتی ہے۔
وقت اشاعت : 18/08/2020 - 16:22:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :