کرس ووکس پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے خواہاں

ٹی ٹونٹی لیگز آپکو مزید بہتر کھلاڑی بناتی ہیں، آپکو دنیا بھر کے کرائوڈز اور مینجمنٹ کیساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے :انگلش آل راؤنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 اگست 2020 16:29

کرس ووکس پاکستان سپر لیگ میں شرکت کے خواہاں
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27اگست 2020ء ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤأنڈر کرس ووکس کا کہنا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ پاکستان سپر لیگ میں ضرور شرکت کریں گے ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس سے بائیو سیکیور ماحول، سیریز کے دوران کرکٹ کے معیار اور پاکستان میں بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر گفتگو کی ہے۔

جب شان مسعود نے کرس ووکس کو پاکستان میں بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اور پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے اب تک کھیلے گئے تمام میچوں کے پاکستان میں انعقاد سے متعلق بتایا تو انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور انہوں نے پاکستان میں بسنے والے کرکٹ کے پرجوش مداحوں سے متعلق بہت سی کہانیاں سنی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

وہ پرامید ہیں کہ بین الاقوامی ٹیسٹ ٹیموں کی پاکستان آمد کا یہ سلسلہ یونہی جاری رہیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کھیلنا پسند کریں گے،وہ زیادہ سے زیادہ ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنا چاہتے ہیں کیوں کہ یہ آپ کو بطور کھلاڑی مزید بہتر بناتی ہیں اور آپ کو دنیا بھر کے کرائوڈز اور مینجمنٹ کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے۔اس حوالے سے کرس ووکس کا مزید اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی حالیہ ٹیسٹ سیریز اعلیٰ معیار کی تھی جہاں بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

انگلینڈ میں پاکستانی مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور انہیں یقین ہے کہ تمام شائقین کرکٹ نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کا بھرپور لطف اٹھایا ہوگا۔ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں کھیل کے معیار پر اظہار خیال کرتے ہوئے انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس ٹیسٹ میں شائقین کرکٹ کو ضرور موجود ہونا چاہیے تھا اور اگر ایسا ہوتا تو انہیں اسٹیڈیم میں موجود مداحوں کے شور اور براہ راست جاری میچ میں کرکٹ کھیلنے کا بہت مزا آتا۔

انگلش آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں کانٹے کا مقابلہ ہوا اور انہیں پاکستان جیسی باصلاحیت ٹیم کے خلاف سیریز جیتنے کے لیے بہت محنت کرنا پڑی۔ اس کی ایک بڑی وجہ دیگر غیرملکی ٹیموں کے برعکس پاکستانی کھلاڑیوں کی یہاں کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگی ہے۔ کرس ووکس نے شاند مسعود کی 156 رنز کی اننگز کی خوب تعریف کی۔ میزبان ٹیم کے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ انہیں یاد ہے کہ وہ 2007 میں انڈر 19 کی سطح پر شان مسعود کے مدمقابل آچکے ہیں۔پاکستانی اوپنر کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ بائیں ہاتھ کے اوپنر نے ایک شاندار اننگز کھیلی تاہم اس دوران ان کی ٹیم کو بہت اوورز کروانے پڑے۔
وقت اشاعت : 27/08/2020 - 16:29:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :