شاہین آفریدی کی جیمز اینڈرسن سے ملاقات، ٹپس لیے

پاکستانی پیسر نے برطانوی فاسٹ بائولر سے سیم بولنگ کے حوالے سے ٹپس لیں ،فاسٹ بولرز کی فٹنس کے حوالے سے بھی پوچھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 اگست 2020 16:44

شاہین آفریدی کی جیمز اینڈرسن سے ملاقات، ٹپس لیے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28اگست 2020ء ) سائوتھمپٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے مختصرملاقات کی۔ یہ ملاقات شاہین کی خواہش پر میڈیا کمٹ منٹس کے دوران ہو ئی ۔ شاہین شاہ آفریدی نے سیم بولنگ کے حوالے سے جیمز اینڈرسن ٹپس لیں اور بتایا کہ میں آپ کا مداح ہوں۔ شاہین شاہ آفریدی نے فاسٹ بولرز کی فٹنس کے حوالے سے اینڈرسن سے پوچھا ۔

یاد رہے کہ انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلا جائیگا۔ یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ نے 1-0 سے جیت لی تھی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دی تھی اس کے بعد کھیلے گئے دونوں میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگئے تھے۔

تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ میزبان ٹیم آئن مورگن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ شائقین کرکٹ کو سیریز میں کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست کو جبکہ تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں ہی کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہونگے جبکہ دوسرا ٹی ٹونٹی میچ ڈے ہوگا۔
وقت اشاعت : 28/08/2020 - 16:44:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :